تجاوزات کیخلاف آپریشن،غیر قانونی سروس پٹس مسمار
اے سی انعم اکرم کی اہم شاہراہوں پر بلاامتیاز آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی)اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی انعم اکرم نے ملتان روڈ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ورکشاپس کے باہر گاڑیوں کی مرمت کے لیے بنائے گئے غیر قانونی سروس پٹس مسمار کروا دئیے ۔اسسٹنٹ کمشنر نے کارروائی کے دوران متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ ملتان روڈ سمیت شہر کی دیگر اہم شاہراہوں پر تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں، فٹ پاتھوں اور سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے ۔انعم اکرم نے کہا کہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ضلعی انتظامیہ کی پہلی ترجیح ہے ۔ شاہراہوں اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے ۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی میں تسلسل برقرار رکھا جائے اور کسی دباؤ کے بغیر قانون کے مطابق اقدامات کیے جائیں۔ کارروائی کے دوران پیرا ٹیم بھی اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ موجود تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments