میٹرک،انٹر سرٹیفکیٹ پر ب فارم نمبر درج کرنیکافیصلہ
رٹہ سسٹم کی بجائے طلبہ کا تجزیاتی صلاحیت ،تصوراتی علم جانچا جائے گا
ملتان(خصوصی رپورٹر)رٹہ سسٹم ختم اورمیٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سرٹیفکیٹس پر طلبہ کا ب فارم یا شناختی کارڈ نمبر درج کرنے کا فیصلہ تفصیل کے مطابق انٹر بورڈز کمیٹی آف چیئرمینز (آئی بی سی سی میں ملک بھر کے امتحانی نظام میں اہم اصلاحات کی منظوری دیتے ہوئے طلبہ کی محض رٹہ کی بنیاد پر جانچ کے بجائے فہم، تجزیاتی صلاحیت اور تصوراتی علم کو جانچنے کے نظام کی جانب منتقلی کا فیصلہ کیا گیا ہے اجلا س میں امتحانات اور اسسمنٹ کے نظام میں ملک بھر میں یکسانیت پیدا کرنے ، شفافیت یقینی بنانے اور پاکستانی تعلیمی اسناد کی قومی و بین الاقوامی سطح پر ساکھ مزید مستحکم کرنے کے لئے متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں نئی گریڈنگ پالیسی کے تحت کم از کم پاسنگ مارکس 40 فیصد مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ اور بتایا گیا کہ سندھ، وفاقی، میرپور آزاد کشمیر، قراقرم، آغا خان اور ضیاء الدین بورڈز میں نئی گریڈنگ پالیسی پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے ، جبکہ دیگر تعلیمی بورڈز میں بھی اس پالیسی کے نفاذ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں نئی پالیسی کا مقصد طلبہ کی کارکردگی کو زیادہ مؤثر اور جدید تعلیمی تقاضوں کے مطابق جانچنا قرار دیا گیا۔آئی بی سی سی فورم میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سرٹیفکیٹس پر طلبہ کا ب فارم یا شناختی کارڈ نمبر درج کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا اس اقدام کا مقصد تعلیمی اسناد کی شناخت اور تصدیق کے عمل کو مزید مؤثر بنانا اور طلبہ کے تعلیمی ریکارڈ میں شفافیت پیدا کرنا ہے اجلاس میں ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے تھیوری اور پریکٹیکل امتحانات کے لئے یکساں امتحانی کیلنڈر تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ پریکٹیکل امتحانات کے لئے مشترکہ گائیڈ لائنز اور یکساں طریقہ کار وضع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ مختلف بورڈز میں امتحانات کے انعقاد، جانچ اور نتائج کی تیاری کے طریقہ کار میں پائی جانے والے فرق کو کم کیا جا سکے امتحانی نظام میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے ای مارکنگ کے فروغ پر بھی خصوصی زور دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments