جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنایا جائے ، طاہر شریف
لڈن (نامہ نگار )جنرل سیکرٹری انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی پنجاب و صدر مرکزی انجمن تاجران وہاڑی طاہر شریف گجر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں آبادی، رقبے اور۔۔۔
انتظامی ضروریات کے پیش نظر نئے اور بااختیار صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے ۔ بالخصوص جنوبی پنجاب کے عوام کو درپیش دیرینہ انتظامی محرومیوں اور بنیادی مسائل کے مستقل حل کے لیے علیحدہ صوبے کا قیام ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ بڑے صوبوں کے وسیع رقبے اور بڑھتی آبادی کے باعث دور دراز علاقوں کے عوام کو سرکاری اداروں، انتظامیہ اور بنیادی سہولیات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے ۔ نئے صوبوں کے قیام سے انتظامیہ عوام کے قریب آئے گی۔، اختیارات و وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہوگی اور عوام کو مؤثر نمائندگی ملے گی۔طاہر شریف گجر کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبے کا درجہ ملنے سے تعلیم، صحت، روزگار، زراعت، صنعت، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کے مسائل مقامی سطح پر بہتر انداز میں حل کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ کسی سیاسی جماعت کا محض نعرہ نہیں بلکہ بہتر طرز حکمرانی اور عوامی سہولیات سے جڑا معاملہ ہے ۔ طاہر شریف گجر نے سیاسی و جمہوری قوتوں سے مطالبہ کیا کہ نئے صوبوں کے قیام پر سنجیدہ قومی مکالمہ شروع کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments