مظفرگڑھ ،شہریوں کو مفت سبزی دینے کیلئے مختص اراضی پرکاشت
بروقت آبپاشی اور دیکھ بھال، پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات کی ہدایت جاری
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)ضلع مظفرگڑھ میں شہریوں کو مفت اور تازہ سبزیوں کی فراہمی کیلئے سبزیوں کی کاشت کے منصوبے پر عملدرآمد جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ کی ہدایت پر مفت سبزی کی کاشت کے حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد عمران کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی ام حبیبہ قریشی اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع طاہر محمود بھٹی نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں مفت سبزی کی کاشت کیلئے مختص مقامات، زیرکاشت فصلوں کی صورتحال، آبپاشی، دیکھ بھال، پیداوار میں اضافے اور شہریوں کو مفت سبزی کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع نے فصلوں کی موجودہ صورتحال اور محکمہ زراعت کی جانب سے فراہم کی جانے والی تکنیکی معاونت پر بریفنگ دی۔اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ مفت سبزی کی کاشت کیلئے مختص اراضی کو بھرپور طور پر استعمال کیا جائے اور فصل کی بروقت آبپاشی، مناسب دیکھ بھال اور ضروری زرعی اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ زیادہ پیداوار حاصل ہوسکے ۔ فصلوں کی باقاعدہ نگرانی، پیداوار کے تخمینے اور سبزیوں کی تقسیم کیلئے مربوط انتظامات پر بھی غور کیا گیا۔حافظ محمد عمران نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کاشت سے تقسیم تک تمام مراحل کی مؤثر نگرانی کی جائے اور کسی بھی انتظامی یا فنی رکاوٹ کو فوری دور کیا جائے۔ تاکہ شہریوں کو منصوبے کے ثمرات بروقت پہنچائے جاسکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments