ریل بازار تاجروں کو کاروباری مشکلات، ثاقب خورشید کا دورہ
بیوٹی فکیشن منصوبے کیساتھ آسان آمدورفت ، روزگار بھی یقینی بنایا جائے ،گفتگو
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی)ممبر پنجاب اسمبلی میاں محمد ثاقب خورشید نے ریل بازار وہاڑی کا دورہ کیا اور بیوٹی فکیشن منصوبے کے باعث تاجروں اور شہریوں کو درپیش آمدورفت اور کاروباری مشکلات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دکانداروں اور شہریوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور تحفظات سنے ۔ اس موقع پر میاں محمد ثاقب خورشید نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور ترقی کے منصوبے قابل تحسین ہیں، تاہم ترقیاتی کاموں کے ساتھ عوامی سہولت اور تاجروں کے کاروبار کا تحفظ بھی ضروری ہے ۔ ریل بازار کے تاجروں کا مسئلہ صرف کاروبار تک محدود نہیں بلکہ ان کے خاندانوں کے روزگار سے بھی جڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہاڑی کو خوبصورت، جدید اور ترقی یافتہ بنانے کے ساتھ بازار تک شہریوں کی آسان رسائی، تاجروں کی کاروباری سرگرمیوں اور ہنگامی حالات میں آمدورفت بھی یقینی بنائی جانی چاہیے ۔ انہوں نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبات متعلقہ حکام اور انتظامیہ کے سامنے بھرپور انداز میں اٹھائے جائیں گے اور بیوٹی فکیشن منصوبے کے ساتھ عوامی مشکلات کے حل کیلئے قابل عمل راستہ تلاش کیا جائے گا۔ ثاقب خورشید نے کہا کہ ان کا مقصد کسی حکومتی منصوبے کی مخالفت نہیں بلکہ ایسا متوازن حل تلاش کرنا ہے جس سے شہر کی خوبصورتی کے ساتھ عوامی سہولت بھی برقرار رہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اور قیادت ان کیلئے قابل احترام ہیں، تاہم حلقے کے عوام کا سکون، روزگار اور جائز مسائل بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ اگر کوششوں اور متعلقہ حکام سے رابطوں کے باوجود مسئلہ حل نہ ہوا اور عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کیلئے پنجاب اسمبلی کی نشست قربان کرنے کی ضرورت پیش آئی تو وہ استعفیٰ دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے ۔ تاجروں نے مسائل متعلقہ فورمز پر اٹھانے کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments