میٹرک دوسرا سالانہ امتحان، ملتان بورڈ کا کنٹرول روم قائم

میٹرک دوسرا سالانہ امتحان، ملتان بورڈ کا کنٹرول روم قائم

ملازمین کو ڈیوٹیاں تفویض، ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کیلئے رپورٹنگ کا حکم

ملتان (خصوصی رپورٹر) میٹرک دوسرے سالانہ امتحان 2026کے بروقت، شفاف، منصفانہ اور پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تعلیمی بورڈ ملتان نے کنٹرول روم قائم کر دیا ۔ امتحانات 6 اکتوبر 2026ء سے شروع ہوں گے ،جاری اعلامیہ کے مطابق کنٹرول روم کے فوکل پرسن سپرنٹنڈنٹ میٹرک برانچ اشفاق احمد ہوں گے ، جبکہ زین ممتاز، (کمپیوٹر سیکشن)سوالیہ پرچوں سے متعلق تکنیکی امور دیکھیں گے کنڈکٹ برانچ کے معاون اہلکار محمد شوکت بھی کنٹرول روم میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے کنٹرول روم کی ذمہ داریوں میں بینک سے سوالیہ پرچوں کی بروقت ترسیل، درست لفافوں کی فراہمی،پیپر ایپ کی مؤثر مانیٹرنگ، امتحانی مراکز میں بروقت امتحان کا آغاز اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال یا امن و امان کے مسئلے کی فوری رپورٹنگ شامل ہے ۔متعلقہ افسر و اہلکار دونوں امتحانی گروپس، مارننگ اور ایوننگ، کے آغاز سے ایک گھنٹہ قبل کمیٹی روم نمبر 2 میں اپنی حاضری یقینی بنائیں گے۔

وہ ڈسٹرکٹ انسپکٹرز ریذیڈنٹ انسپکٹرز متعلقہ بینک منیجرز اور بینک افسروں سے رابطے میں رہتے ہوئے سوالیہ پرچوں کی بروقت ترسیل یقینی بنائیں گے ۔اس مقصد کے لئے متعلقہ امتحانی مراکز، سپرنٹنڈنٹس، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس، ڈپٹی ہیڈ ماسٹرز/وائس پرنسپلز اور دیگر متعلقہ حکام کے رابطہ نمبرز بھی دستیاب رکھے جائیں گے ۔ہدایات کے مطابق دورانِ امتحان امتحانی عملے سے براہِ راست موبائل فون پر رابطہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ امتحانی مراکز میں موبائل فون کے استعمال کی اجازت نہیں، تاہم ہنگامی صورتحال میں متعلقہ ریذیڈنٹ انسپکٹر سے رابطہ کیا جا سکے گا۔ کنٹرول روم کا عملہ ایپ پر سوالیہ پرچوں اور کیسز کی مسلسل نگرانی کرے گا اسی طرح تمام ڈپیوٹڈ اہلکار امتحان شروع ہونے کے 15 منٹ کے اندر اپنے مختص امتحانی مراکز کی صورتحال، بالخصوص امن و امان سے متعلق رپورٹ مقررہ پروفارما کے ذریعے فوکل پرسن کو پیش کریں گے ، جبکہ فوکل پرسن یہ رپورٹ امتحان شروع ہونے کے 30 منٹ کے اندر کنٹرولر امتحانات کو ارسال کریں گے کنٹرول روم کے افسر و اہلکار مارننگ اور ایوننگ دونوں گروپس کے اختتام تک دفتر میں موجود رہیں گے اور فوکل پرسن کی اجازت کے بغیر دفتر نہیں چھوڑیں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...