انٹر تحصیل میٹ ریسلنگ،کراٹے مقابلے ،ملتان سٹی کامیاب
مقابلوں میں تحصیل شجاع آباد، جلالپور پیر والا کے کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا
ملتان (خصوصی رپورٹر)انٹر تحصیل میٹ ریسلنگ اور کراٹے کے مقابلے اختتام پذیر تحصیل ملتان سٹی کامیاب۔ سال 2026 کو یوتھ ایئرقرار دیئے جانے کے سلسلے میں یوتھ افیئرز اینڈ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے مرتب کردہ سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت انٹر تحصیل میٹ ریسلنگ اور کراٹے کے مقابلے اختتام پذیر ہو گئے ۔ان مقابلوں میں تحصیل ملتان سٹی تحصیل ملتان صدر تحصیل شجاع آباد اور تحصیل جلالپور پیر والا کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں مہارت اور بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیاجبکہ میٹ ریسلنگ اور کراٹے کے مقابلوں میں تحصیل ملتان سٹی کے کھلاڑیوں نے کامیابی حاصل کر کے میدان مار لیا۔مقابلوں کے اختتام پر تقسیمِ انعامات کی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان عطا الرحمٰن خان تھے ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان عدنان نعیم تحصیل اسپورٹس آفیسر ملتان صدر فاروق لطیف، تحصیل سپورٹس آفیسر ملتان سٹی نور خان قیصرانی حامد پہلوان خالد حلیم مرزا اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان عدنان نعیم نے کہا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ نوجوان کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات اور صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے کے لئے مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کر رہا ہے ، تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے سکیں۔انہوں نے کہا کہ تحصیل سطح پر منعقد ہونے والے ان مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیمیں انٹر ڈسٹرکٹ سطح پر اپنے ضلع کی نمائندگی کریں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments