شہر میں گندگی ،کوڑے کے ڈھیر،ناقص صفائی ،کمشنر برہم
شہر میں گندگی ،کوڑے کے ڈھیر،ناقص صفائی ،کمشنر برہم صفائی میں غفلت یا لاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ،شوکت علی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن شوکت علی نے شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سرگودہا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران کو فوری طور پر عملی اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔ کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں کا غیر علانیہ دورہ کیا، جہاں بعض مقامات پر گندگی، کوڑا کرکٹ کے ڈھیر اور ناقص انتظامات دیکھنے میں آئے ۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ صفائی کے نام پر کسی قسم کی غفلت یا لاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کمشنر شوکت علی نے ایس ڈبلیو ایم سی افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں مانیٹرنگ اسٹاف کی موجودگی یقینی بنائی جائے ، صفائی کا عمل روزانہ کی بنیاد پر مؤثر انداز میں کیا جائے اور شہر کو فوری طور پر صاف ستھرا بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس میں ناکامی ناقابل قبول ہے ۔