ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کی زیر صدارت اہم اجلاس
ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کی زیر صدارت اہم اجلاس افسروں کی اپنے اپنے شعبہ جات کی کارکردگی، جاری منصوبوں پر بریفنگ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن شوکت علی کی زیر صدارت میونسپل کارپوریشن سرگودہا کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی او ماجد بن احمد، ریگولیشن، فنانس، پلاننگ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں تمام افسران نے اپنے اپنے شعبہ جات کی کارکردگی، جاری منصوبوں، درپیش مسائل اور مستقبل کی حکمت عملی سے متعلق ایڈمنسٹریٹر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ ایڈمنسٹریٹر شوکت علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی میونسپل کارپوریشن کی اولین ذمہ داری ہے ، جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے ، مالی نظم و ضبط اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ شوکت علی نے کہا کہ تمام شعبے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں اور فیلڈ میں عملی کارکردگی نظر آنی چاہیے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری وسائل کا درست استعمال، شفافیت اور وقت پر کام کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایڈمنسٹریٹر نے مزید کہا کہ شہری مسائل کے فوری حل اور عوامی مفاد کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔