میانوالی: آٹے کی قیمتوں کے جائزے کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک
میانوالی (نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس مگسی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور پیرافورس کے افسران آٹے کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے فیلڈ میں متحرک ہو گئے ۔
اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر عیسیٰ خیل غلام مرتضیٰ نے تحصیل عیسیٰ خیل کی مختلف دکانوں کا دورہ کیا، جبکہ پیرافورس کے افسران نے بلو خیل روڈ، کچہری روڈ مین بازار اور دیگر اہم بازاروں میں آٹے کی قیمتوں کی نگرانی کی۔دورے کے دوران دکانداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اسٹورز کے باہر آٹے کے نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں۔ ڈپٹی کمشنر اسد عباس مگسی نے گذشتہ روز میڈیا میں گردش کرنے والی آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ سرکاری نرخنامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔