ای بز پورٹل درخواستوں کی مسلسل مانیٹرنگ کا حکم
اب تک1ہزار 594 درخواستیں موصول ہو ئیں ،1175 درخواستیں منظور، 49 مسترد کی گئیں، 143 متعلقہ محکموں میں پراسیس میں ہیں،اجلاس کو بریفنگ کسی درخواست گزار سے کوئی افسر یا اہلکار ذاتی طور پر رابطہ نہیں کرے گا، تمام عمل مکمل طور پر آن لائن ہوگا،ذاتی رابطے کی شکایت پرسخت کارروائی کی جائیگی،کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ای بز پورٹل کے حوالے سے جائزہ اجلاس کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پورٹل کے ذریعے فراہم کی جانے والی سرکاری سروسز، درخواستوں کی پراسیسنگ اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر سرگودھا نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکمے درخواستوں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق بلکہ اس سے پہلے نمٹانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ کسی بھی درخواست گزار سے کوئی افسر یا اہلکار ذاتی طور پر رابطہ نہیں کرے گا، تمام عمل مکمل طور پر آن لائن ہوگا،اگر کسی درخواست کے حوالے سے ذاتی رابطے کی شکایت سامنے آئی تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ای۔بز پورٹل کا مقصد شہریوں کو گھر بیٹھے سرکاری سہولیات فراہم کرنا اور کرپشن کے خاتمے کو یقینی بنانا ہے اس لیے اس نظام میں کسی قسم کی کوتاہی یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام درخواستوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اور ان کا بروقت فیصلہ یقینی بنایا جائے ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ای۔بز پورٹل پر اب تک1ہزار 594 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 1175 درخواستیں منظور، 49 مسترد جبکہ 143 درخواستیں متعلقہ محکموں میں پراسیس میں ہیں۔ اس کے علاوہ 226 درخواستیں درخواست گزار کی جانب سے مطلوبہ فیس یا دستاویزات کی تکمیل نہ ہونے کے باعث زیر التوا ہیں۔