سکولوں کو ٹھیکے پر دینے کا تیسرا مرحلہ شروع کرنیکا فیصلہ
مزید 2 ہزار 735 سکول نجی شعبے کے حوالے کیے جائیں گے ،درخواستیں طلب
لاہور(خبر نگار)پنجاب میں سرکاری سکولوں کو ٹھیکے پر دینے کے عمل کا تیسرا مرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ مزید 2 ہزار 735 سکول نجی شعبے کے حوالے کیے جائیں گے ۔ پہلے دو مراحل میں 10 ہزار سکول پہلے ہی نجی انتظام میں دیے جا چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کے تحت سرکاری سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کے تیسرے مرحلے کا آغاز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔اس مرحلے میں مزید 2 ہزار 735 سکول پبلک سکول ری آرگنائزیشن پروگرام میں شامل کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق اس پروگرام کا مقصد معیارِ تعلیم میں بہتری اور سکولوں میں داخلوں کی شرح بڑھانا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ پہلے دو مراحل میں 10 ہزار سکول نجی شعبے کے حوالے کیے جا چکے ہیں ۔جبکہ اب مزید ہزاروں سکول اس پروگرام کا حصہ بنیں گے ، جن میں پسماندہ علاقوں کے تعلیمی ادارے بھی شامل ہیں۔نجی شعبے ، این جی اوز اور ایڈٹیک اداروں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے جبکہ منتخب پارٹنرز یکم اپریل سے سکولوں کا انتظام سنبھالیں گے ۔