ٹریفک قوانین کو یقینی بنانے کیلئے ضلع بھر میں ناکہ بندی
اہم چوکوں پر خصوصی ناکے، کم عمر ڈرائیورز اور بغیر لائسنس والوں کیخلاف زیروٹالرنس پالیسی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد صہیب اشرف کی ہدایت پر ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں ناکہ بندی پوائنٹس پر چیکنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔ اس مہم کا مقصد سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کرنا اور حادثات کی شرح میں کمی لانا ہے ۔ضلع کے داخلی و خارجی راستوں اور شہر کے اہم چوکوں پر خصوصی ناکے لگائے گئے ہیں۔کم عمر ڈرائیورز اور بغیر لائسنس کے گاڑی اور موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے ۔ غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی گاڑیاں تھانے بند کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر ڈی پی او سرگودھا محمد صہیب اشرف کا کہنا ہے کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ صرف جرم ہے بلکہ یہ انسانی زندگیوں کے لیے بھی بڑا خطرہ ہے ۔ والدین اپنے کم عمر بچوں کو بائیک یا گاڑی ہرگز نہ دیں، بصورتِ دیگر سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔