ہائی بلڈ پریشر کی علامات میں سر درد، چکر آنا، دھندلا نظر آنا اور سینے میں درد شامل ، ڈاکٹر عدنان
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) احتیاط نہایت ضروری ہے سینئر میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر عدنان افضل گوندل نے کہا کہ ہائی بلڈ پریشر ایک ایسی بیماری ہے جو آہستہ آہستہ انسانی جسم کو نقصان پہنچاتی ہے اور اکثر لوگوں کو اس کا بروقت علم نہیں ہو پاتا۔
ہائی بلڈ پریشر کی علامات میں سر درد، چکر آنا، دھندلا نظر آنا اور سینے میں درد شامل ہیں۔ طبی ماہرین نے اسے ’’خاموش قاتل‘‘ قرار دیا ہے کیونکہ یہ دل، دماغ اور گردوں کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے ۔ ڈاکٹر عدنان افضل گوندل نے کہا کہ زیادہ نمک کا استعمال، ذہنی دباؤ، موٹاپا، سگریٹ نوشی اور ورزش کی کمی ہائی بلڈ پریشر کی بڑی وجوہات ہیں۔ اگر بروقت علاج نہ کروایا جائے تو دل کی بیماری، فالج، گردوں کی خرابی اور نظر کی کمزوری جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔