800 سے زائد عملے کو ہسپتال ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے تربیت فراہم کی جا چکی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا کے وژن اور ہدایات کے مطابق سرگودھا ڈویژن میں ہسپتال ویسٹ مینجمنٹ کے موثر نفاذ کے لیے نجی ہسپتالوں، ڈائیگناسٹک سنٹرز’ جنرل پریکٹیشنرز () اور دیگر ہیلتھ کیئر سیٹ اپس کے عملے کی تربیت کے حوالے سے اب تک ڈویژن بھر میں 50 سے زائد نجی ہیلتھ کیئر سیٹ اپس کے تقریباً 800 سے زائد عملے کو ہسپتال ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے تربیت فراہم کی جا چکی ہے ۔
اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سرگودھا، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (PMA)اور پرائیویٹ ہسپتال ایسوسی ایشن سرگودھا کے زیرِ انتظام ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی تربیت کا 25واں سیشن گزشتہ روز سوشل سکیورٹی ہسپتال سرگودھا میں کامیابی سے منعقد ہوا، جس کی نگرانی ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ، ڈویژنل فوکل پرسن ہسپتال ویسٹ مینجمنٹ سرگودھا ڈویژن نے کی۔ ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال ویسٹ مینجمنٹ ایک موثر’ محفوظ اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے نہایت اہم جزو ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے فضلے کو محفوظ انداز میں جمع کرنے ، علیحدہ کرنے ، منتقل کرنے اور ٹھکانے لگانے کے لیے منظم نظام ہر سرکاری و نجی ہسپتال میں موجود ہونا چاہیے