ستھرا پنجاب کے ملازمین کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج
واں بھچراں (نمائندہ دنیا )صاف ستھرا پنجاب پروگرام کے ملازمین نے گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے اور چھوٹے ملازمین کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے میانوالی کے جہاز چوک میں دھرنا دیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ متعدد ملازمین کئی کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، جس کے باعث ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اور روزمرہ اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہوں کی مسلسل عدم ادائیگی سے ملازمین اور ان کے اہل خانہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ملازمین نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صاف ستھرا پنجاب پروگرام کے ملازمین کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں 10 ہزار روپے عید الاؤنس دینے کا اعلان کیا تھا، تاہم یہ الاؤنس بھی تاحال ادا نہیں کیا گیا۔احتجاج کرنے والے ملازمین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بقایا تنخواہیں اور اعلان کردہ عید الاؤنس ادا کیا جائے ۔ بعد ازاں اعلیٰ حکام کی مداخلت اور یقین دہانی کے بعد ملازمین نے اپنا احتجاج اور دھرنا ختم کر دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments