ایف ڈی اے ادبی بیٹھک کی بحالی میں تعاون کریگا: آصف چوہدری

 ایف ڈی اے ادبی بیٹھک کی بحالی  میں تعاون کریگا: آصف چوہدری

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد کی ادبی بیٹھک کی تزئین و بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ اہلِ علم و ادب کو بہتر اور سازگار ماحول میسر آ سکے ۔

انہوں نے یہ بات نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم کے دورے کے دوران ادبی بیٹھک کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد مقبول احمد ملک، معروف شاعر و دانشور پروفیسر ڈاکٹر جلال عارف، ڈاکٹر جعفر حسن مبارک اور دیگر ادبی و ثقافتی شخصیات بھی موجود تھیں۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ادبی بیٹھک کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اسے مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ بنانے ، معیاری فرنیچر، جدید لائٹنگ، مؤثر ساؤنڈ سسٹم، خوبصورت اندرونی آرائش اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مخیر کاروباری شخصیات اور ادب دوست حلقوں کا تعاون حاصل کیا جائے گا تاکہ اسے ایک مثالی ادبی مرکز بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ادبی بیٹھک کو ایسا فعال پلیٹ فارم بنایا جائے گا جہاں باقاعدگی سے مشاعرے ، ادبی نشستیں، فکری مکالمے ، تحقیقی مباحث، کتابوں کی رونمائی، نوجوان قلم کاروں کی تربیتی ورکشاپس اور ثقافتی تقریبات منعقد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق علمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں اور ایف ڈی اے بھی اپنی سماجی ذمہ داری کے تحت اس مشن میں بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...