مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی، حکومت ریلیف دے :اعجاز چودھری
مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی، حکومت ریلیف دے :اعجاز چودھریسفید پوش گھرانوں کیلئے بجلی کے بل ادا کرنا اور بچوں کو تعلیم دلوانا مشکل ہو چکا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر محمد اعجاز چودھری نے کہا ہے کہ روز بروز بڑھتی بے لگام مہنگائی نے غریب آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جبکہ وفاقی حکومت اپنی شاہ خرچیاں ختم کرنے کے لیے تیار نہیں۔ سفید پوش گھرانوں کے لیے بجلی کے بل ادا کرنا اور بچوں کو تعلیم دلوانا بھی مشکل ہو چکا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلعی آفس سمندری روڈ پر لیبر لیڈر لال حسین راشد، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے ڈویژنل صدر چودھری خادم حسین، ڈویژنل و ڈسٹرکٹ میڈیا کوآرڈینیٹر محمد طاہر شیخ اور دیگر پارٹی عہدیداروں سے ملاقات کے دوران ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔محمد اعجاز چودھری نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل پر بھاری لیوی، پیداواری لاگت میں اضافہ اور ٹیکسوں کا بوجھ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا ہے ۔ موجودہ معاشی بحران اور حکومتی نااہلی کے باعث غریب عوام دو وقت کی روٹی کے لیے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے عوام آگاہ ہیں، اس لیے ناجائز لیوی، اضافی ٹیکس اور مہنگائی کا مزید بوجھ کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت، معاشی پالیسی ساز اور عالمی مالیاتی اداروں کے سامنے عوامی مفادات قربان کرنے والے عناصر یاد رکھیں کہ عوام میں بے چینی بڑھ رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی، استحکام اور سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ عوام کے معاشی مسائل حل کیے جائیں، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں اور زراعت، تجارت، صنعت اور گھریلو صنعت کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔اعجاز چوہدری نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے ، قرضوں پر انحصار اور عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کی پالیسی ترک کرے ، کیونکہ عوام اب اپنے مسائل کے ذمہ داروں سے جواب طلب کریں گے
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments