130 سے زائد بنیادی مراکز صحت، آئوٹ سورس کئے جانے پر بھی صورتحال ابتر

130 سے زائد بنیادی مراکز صحت، آئوٹ سورس کئے جانے پر بھی صورتحال ابتر

کم اجرت پر غیر تربیت یافتہ افراد کی بھرتیوں، عطائیت کو فروغ ملنے اور انتظامی و مالی بے ضابطگیوں کی وجہ سے منصوبہ افادیت پیدا نہیں کر سکا

سرگودھا(نعیم فیصل سے ) حکومتی منصوبے کے تحت ضلع سرگودھا کے 130 سے زائد بنیادی مراکز صحت کو آؤٹ سورس کیے جانے کے تقریباً ایک سال بعد بھی صحت کی سہولیات میں بہتری کے بجائے صورتحال مزید ابتر ہونے ، تجربہ کار طبی و معاون عملے کو ہٹا کر انتہائی کم اجرت پر غیر تربیت یافتہ افراد کی بھرتیوں، عطائیت کو فروغ ملنے اور انتظامی و مالی بے ضابطگیوں کی وجہ سے منصوبہ افادیت پیدا نہیں کر سکا،ذرائع کے مطابق گزشتہ سال تین مراحل میں ضلع بھر کے تمام بنیادی مراکز صحت ٹھیکے پر دیے گئے ، تاہم ابتدا ء میں ہی ان مراکز کے انتظام و انصرام کی ذمہ داری ایسے افراد کے سپرد کیے جانے کی شکایات سامنے آنے لگیں جن کے پاس ہسپتال یا بنیادی مرکز صحت چلانے کا مطلوبہ تجربہ ہی موجود نہیں، بعض مراکز مبینہ طور پر ٹھیکیداروں کے قریبی عزیزوں اور دوستوں کے حوالے کیے گئے جبکہ کچھ مراکز میں ٹھیکیداروں کے خاندان کے افراد نے انتظامی معاملات پر مکمل اجارہ داری قائم کرلی ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد بنیادی مراکز صحت میں برسوں سے خدمات انجام دینے والے تجربہ کار عملے کو فارغ کرکے تقریباً 20 سے 30 ہزار روپے ماہانہ اجرت پر غیر تربیت یافتہ اور ان ٹرینڈ افراد کو تعینات کیا گیا،

جس کے بعد صورتحال یہ ہے کہ مریضوں کو معیاری علاج کی فراہمی متاثر ہونے کے ساتھ عطائیت کے فروغ کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں،جبکہ محدود صحت بجٹ میں مریضوں کو ادویات، تشخیص اور علاج کی بہتر سہولیات دینے کے بجائے صرف نام اور بورڈ تبدیل کرنے پر خطیر رقم خرچ کی گئی ،آؤٹ سورس کیے گئے مراکز کی ہیلتھ کونسلوں کا کردار بھی مبینہ طور پر محض رسمی رہ گیا ہے اور بعض کونسل ارکان سے ٹھیکیدار کے نام کام شروع ہونے سے قبل ہی چیک جاری کرنے کے لیے مبینہ طور پر دستخط کروانے کی شکایات عام ہیں۔، جبکہ جو ہیلتھ کونسل کسی کام کی پیشگی منظوری یا طریقہ کار کے مطابق کارروائی پر اصرار کرے تواسے مبینہ طور پر مشکلات اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...