بھاگٹانوالہ کو ترقیاتی منصوبوں سے محروم رکھنے پر شہری سراپا احتجاج

 بھاگٹانوالہ کو ترقیاتی منصوبوں سے محروم رکھنے پر شہری سراپا احتجاج

، 12 کروڑ 27 لاکھ روپے کی گرانٹ کی شفاف تفصیلات سامنے لانے کا مطالبہ

بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا) بھاگٹانوالہ کی عوام کو ایک بار پھر ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے محروم رکھے جانے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا۔ پھیرو موڑ سے کنڈا موڑ تک سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح تو کر دیا گیا، تاہم مبینہ طور پر 12 کروڑ 27 لاکھ روپے کی خطیر گرانٹ سے ہونے والے تعمیراتی کام کو صرف یونین کونسل تک محدود کر دیا گیا ہے ، جبکہ بھاگٹانوالہ کی آدھی سے زائد آبادی اس منصوبے کے ثمرات سے محروم رہ گئی ہے ۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھاری بھرکم فنڈز مختص کرنے کا بنیادی مقصد پورے علاقے کی محرومیوں کا خاتمہ اور عوام کو یکساں بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہوتا ہے ، لیکن بھاگٹانوالہ میں ترقیاتی کاموں کی مبینہ غیر منصفانہ تقسیم نے سیاسی نمائندوں کی ترجیحات پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا ترقیاتی فنڈز صرف مخصوص علاقوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں اور کیا باقی آبادی اس حلقے کا حصہ نہیں؟شہریوں کا کہنا ہے کہ بھاگٹانوالہ کی سڑکیں، گلیاں اور دیگر بنیادی سہولیات کب منتخب نمائندوں کی ترجیحات میں شامل ہوں گی؟ محض افتتاحی تقریبات اور اعلانات سے عوامی مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ پورے علاقے میں یکساں بنیادوں پر عملی ترقیاتی کام کروانا منتخب عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے ۔علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر سرگودھا اور ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ 12 کروڑ 27 لاکھ روپے کی گرانٹ کی مکمل تفصیلات، منظور شدہ منصوبوں اور تعمیراتی کاموں کی حدود عوام کے سامنے لائی جائیں۔ فنڈز کے استعمال کا شفاف آڈٹ کروایا جائے اور بھاگٹانوالہ کی محروم آبادی کو بھی ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرکے انہیں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...