سٹاک مارکیٹ: اُتار چڑھاؤ کے بعد 100 انڈیکس میں 39.09 پوائنٹس کی تیزی

تجارت

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز اُتار چڑھاؤ کے بعد 39.09 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔

تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انویسٹرز کی طرف سے ٹریڈنگ کے بعد زبردست تیزی میں جانے والی حصص مارکیٹ کاروبار کے اختتام پر صرف 39.09 پوائنٹس بڑھ سکی۔ تیزی کے باعث پورے کاروباری روز کاروبار میں 0.1 فیصد بہتری دیکھی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری کاروباری روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس 279.26 پوائنٹس کی مندی کے باعث 40848.53 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ 14 کروڑ 69 لاکھ 78 ہزار 320 شیئرز کا کاروبار ریکارڈ کیا گیا تھا۔

آج پاکستان سٹاک مارکیٹ کا آغاز زبردست انداز میں ہوا، پہلے دو گھنٹوں کے دوران ہی انڈیکس 41 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا، اس کا تسلسل اگلے دو گھنٹوں تک جاری رہا اور انڈیکس 41215.13 پوائنٹس کی سطح کو چھو گیا۔

تاہم اس دوران انویسٹرز کی طرف سے شیئرز کی فروخت کے باعث انڈیکس میں مندی آنا شروع ہو گئی، اور اگلے دو گھنٹوں کے دوران دوپہر دو بجے 41134.49 پوائنٹس کی سطح پر آیا۔

اس کے بعد انویسٹرز نے سرمایہ کاری سے ہاتھ روکے رکھا جس کے بعد مارکیٹ میں مندی نے ڈیرے ڈال لیے، کاروبار کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ اُتار چڑھاؤ کے باعث 39.09 پوانئٹس کی تیزی کے بعد 40887.62 پوائنٹس کی سطح پر آ گئی۔

پورے کاروباری روز 11 کروڑ 6 لاکھ 75 ہزار 670 شیئرز کا کاروبار ہوا، جس کی مالیت 5 ارب 66 کروڑ 39 لاکھ 77 ہزار 116 روپے بنتی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی کی وجہ عالمی مالیاتی ادارے کی طرف سے پاکستان کو دوسری قسط جاری کرنا تھی، تاہم ملک میں نیب آرڈیننس کی وجہ سے سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث انویسٹرز نے ہاتھ روک لیا، دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی اور شیئرز کے فروخت کو ترجیح کے باعث شاندار تیزی میں جانے والی مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام معمولی تیزی پر ہوا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں