کمبٹ فیڈریشن 33: پسلی ٹوٹنے کے باوجود سعودی کھلاڑی نے فتح حاصل کر لی

کھیل

لاہور: (ویب ڈیسک) کمبٹ فیڈریشن 33 کے تحت منعقد ہونے والے مکسڈ مارشل آرٹس کے مقابلوں میں سعودی کھلاڑی عبداللہ القحطانی نے پاکستان کے ضیاء مشوانی کے ساتھ سخت مقابلے کے دوران پسلی ٹوٹ جانے کے باوجود فتح حاصل کر لی۔ دوسرے بڑے مقابلے میں سعودی کھلاڑی مصطفی راشد ندی نے انتہائی چابکدستی سے فرانس کے ایلیکس فونٹس کو شکست دیدی۔

تفصیلات کے مطابق کمبٹ فیڈریشن 33 کے تحت ہونے والے مکسڈ مارشل آرٹس کے مقابلے امیر عبداللہ الفیصل سٹیڈیم میں ہوئے، سٹیڈیم کے سپورٹس کمپلیکس میں ہوم ٹرف پر منعقدہ ہونے والے مکسڈ مارشل آرٹس کے مخصوص ایونٹ میں سعودی کھلاڑیوں کے علاوہ 22 ممالک کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

فیدر ویٹ ٹائٹل میں فتح حاصل کرنے والے عبداللہ القحطانی نے مقابلے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالانکہ میرے سامنے والے کھلاڑی پاکستان کے ضیاء مشوانی کی ضرب سے میری پسلی ٹوٹ گئی تھی اور اس سے فائٹ مشکل ہو گئی تھی لیکن میچ منسوخ نہیں کرنا چاہتا تھا کیونکہ خاندان اور حاضرین کے سامنے ملک میں ایسا نہیں کرسکتا تھا اور نہ ہی میں نے چوٹ کے بارے میں ظاہر ہونے دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ میں نے کامیابی حاصل کی اور امید ہے کہ اگلی مرتبہ اس سے بہتر کارکردگی دکھا سکتا ہوں۔ کھیل کے بارے میں سعودی عرب میں آگہی میں اضافہ ہوا ہے۔ یہاں کے عوام پہلے ایسے تمام کھیلوں کو باکسنگ کہتے تھے لیکن اب ایسے کھیلوں میں فرق محسوس کر سکتے ہیں جیسے مکسڈمارشل آرٹس ، باکسنگ اور اسی طرح کے دیگر کھیل الگ الگ ہیں۔

ضیاء مشوانی کا کہنا تھا کہ ہار جیت میچ کا حصہ ہوتی ہے مگر یہاں میں یہ نہیں کہوں گا کہ ہار کیسے ہوئی لیکن میں خوف متحرک ہو کر کھیلا اور مخالف کھیلاڑی پر بھاری رہا۔ سب سے زیادہ خوشی ہے کہ میں نے مقدس سرزمین پر آکر کھیل میں حصہ لیا، اس طرح کے مقابلے نوجوانوں میں صحتمند ماحول فراہم کرتے ہیں۔

دوسری جانب مصطفیٰ راشد نے اعتراف کیا ہے کہ جنرل سپورٹس اتھارٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی نے ہمارے لئے ایسے کھیلوں کا راستہ ہموار کیا ہے۔ دوسرا مقابلہ جیتنے پر خوش ہوں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں