اسلامی نظریاتی کونسل‘سندھ اسمبلی کا اقلیتی بل مسترد‘غیراسلامی قرار

اسلامی نظریاتی کونسل‘سندھ اسمبلی کا اقلیتی بل مسترد‘غیراسلامی قرار

سینیٹ کمیٹی کوتحفظ ناموس رسالت قانون زیربحث لانے سے روکنے کی سفارش قائد اعظم یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کو ڈاکٹر عبدالسلام سے منسوب نہ کیا جائے :شیرانی

اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )اسلامی نظریاتی کونسل نے سندھ اسمبلی کی طرف سے منظور اقلیتی بل کومستردکرتے ہوئے اسے غیرآئینی اورغیراسلامی قراردیا اوراس حوالے سے گورنرکے نام خط لکھنے کافیصلہ کیاہے ۔ کونسل نے سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کی طرف سے تحفظ ناموس رسالت قانون کوبھی زیربحث لانے سے روکنے کی سفارش کی ہے ،قائد اعظم یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کو ڈاکٹر عبدالسلام سے منسوب کرنے کی بھی مخالفت کرتے ہوئے مطالبہ کیاگیا کہ اس شعبہ کے حوالے سے ڈاکٹرریاض کی بے شمارخدمات ہیں اوران کے نام سے ہی منسوب ہے اس لیے اس شعبے کانام کسی اورکے نام سے منسوب نہ کیاجائے ۔ ان خیالات کااظہار کونسل کی طرف سے دی گئی الوداعی تقریب کے بعد مولانامحمدخان شیرانی نے پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت بھی کرائی گئی،مولانامحمدخان شیرانی کی مدت پوری ہونے پرایک قراردادبھی پاس کی گئی جس میں شرکا نے مولانامحمدخان شیرانی کی خدمات کوزبردست خراج تحسین پیش کیا۔مولانامحمدخان شیرانی نے کہاکہ سندھ اسمبلی کا بل آئین کے خلاف ہے ،انہوں نے کہا کہ اگرکوئی کسی بھی عمرمیں خوشی اوررضاورغبت سے اسلام قبول کرتاہے تواس پرکوئی بھی پابندی نہیں لگائی جاسکتی اس لئے سندھ اسمبلی کایہ قانون آئین اوراسلامی تعلیمات کے مطابق نہیں ۔انہوں نے کہاکہ اجلاس میں سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کی طرف سے تحفظ ناموس رسالت قانون زیربحث لانے کے حوالے سے بھی قراردادپاس کی گئی ہے جس میں کہاگیا کہ انسدادتوہین رسالت سے متعلق موجودہ قوانین عوامی سطح پرمسلم ہیں اوران کوعوام میں پزیرائی حاصل ہے لہذاان کوکسی بھی پارلیمانی یاسینیٹ کی کمیٹی میں دوبارہ زیربحث لاکرمتنازع بناناکسی بھی حوالے سے مناسب نہیں ۔ اسلامی نظریاتی کونسل

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں