بھٹو کبھی بینظیر کی شادی زرداری سے نہ ہونے دیتے ،مشرف
مرتضیٰ زرداری سے شدید نفرت کرتا ،سعودی شاہ نے نواز شریف کو پھانسی سے بچایا ڈاکٹر قدیر نے گھٹنے پکڑ کر معافی مانگی، شوکت عزیز سازشی تھے ، آن دی فرنٹ میں انٹرویو
کراچی(دنیا نیوز)سابق فوجی صدر پرویز مشرف نے کہا ہے آصف زرداری نے مرتضیٰ بھٹو کو ان کی رہائش گاہ 70 کلفٹن کے باہر مرو ایا جبکہ وہاں پولیس کا پہرہ بھی لگا ہوا تھا یہ ایک سفاکانہ قتل تھا جو بظاہر پولیس کی موجودگی میں انجام پایا۔دنیا نیوز کے پروگرام آن دی فرنٹ میں میزبان کامران شاہد کو دئیے گئے انٹرویو میں سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا مرتضیٰ بھٹو آصف زرداری سے شدید نفرت کرتا تھا ایک مرتبہ اپنے ہاتھوں سے اس کی مونچھیں بھی مونڈ ڈالی تھیں ۔ پرویز مشرف نے کہا مرتضیٰ بھٹو دہشت گرد تنظیم الذوالفقار کا کرتا دھرتا تھا اور اپنے مخالفین کو مرواتا بھی اور ان پر تشدد بھی کرتا تھا۔ پرویز مشرف کے بقول لوگ کہتے ہیں اگر ذوالفقار علی بھٹو زندہ ہوتا تو وہ کبھی بھی بے نظیر کی شادی آصف زرداری سے نہ ہونے دیتا کیونکہ بھٹو خاندان زرداری فیملی کو اچھا نہیں سمجھتا ہے ۔ پرویز مشرف نے بتایا اگر سعودی شاہ عبداللہ مداخلت نہ کرتے تو میاں نواز شریف پھانسی پر لٹک جاتے کیونکہ انہیں طیارہ ہائی جیکنگ کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی جو بعد میں شاہی مداخلت پر عمر قید میں بدل دی گئی تھی اور جلاوطنی سے پہلے انہیں عام معافی دیدی گئی تھی۔ پرویز مشرف کا کہنا تھا نواز شریف نے ایٹمی دھماکے پاک فوج کے ایما پر کئے تھے جہاں تک ایٹمی دھماکوں سے روکنے کے لئے امریکی صدر بل کلنٹن کی طرف سے امریکی ڈالر کی خطیر امداد کی پیش کش کا تعلق ہے تو یہ محض داستان طرازی ہے کیونکہ واقعتاً ا گر ایسی کوئی پیش کش ہوئی ہو تی تو ابھی تک امریکی میڈیا اسے بے نقاب کرچکا ہوتا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر کی معافی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں پرویز مشرف نے کہا جب میں نے انہیں امریکہ سے موصولہ وہ شواہد دکھائے جو ان کی پر اسرار سرگرمیوں کے بارے میں تھے انہوں نے عملاً میرے گھٹنے پکڑ کر مجھ سے معافی مانگی تھی لیکن وہ چونکہ پاکستانی قوم کے ساتھ میرے بھی ہیرو تھے اس لئے میں نے انہیں اس شرط پر معاف کردیا کہ وہ ٹیلی ویژن پر آکر قوم سے معافی مانگیں۔ نواب اکبر بگٹی کے بارے میں پرویز مشرف کا کہنا تھا انہوں نے حکومت وقت کے خلاف ہتھیار اٹھا کر بغاوت کردی تھی اور پہاڑی غاروں میں جاچھپے تھے جب سکیورٹی فورسز نے انہیں گھیرے میں لے لیا تو انہوں نے خودکشی کرلی۔ سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کے بارے میں پرویز مشرف نے شکوہ کیا کہ وہ اپوزیشن سے مل کر میرے خلاف سازشیں کرتے تھے ۔ پرویز مشرف نے کہا عمران خان کے لاہور کے حالیہ جلسہ کو دیکھتے ہوئے پیش گوئی کی جاسکتی ہے کہ عمران خان مستقبل کے وزیر اعظم ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے مزاج میں تحمل وبرداشت پیدا کریں اور دوسروں کی باتیں دھیان سے سننے کی عادت اپنائیں ۔