100روپے کے موبائل کارڈپرآج سے 100 کاپورابیلنس ملے گا:حکومت کو123ارب کے نقصان کا سامنا
موبائل فون صارفین پر ٹیکس کی چھوٹ کا اطلاق تمام کالز پر ہوگا ،پری پیڈ، پوسٹ پیڈ کارڈز ، ایزی لوڈ شامل،صارفین کو 15روز کا ریلیف صوبائی حکومتوں کو 75 ارب ، ایف بی آر کو 48 ارب نقصان،ایف بی آر کی سپریم کورٹ سے نظرثانی کیلئے لارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا
اسلام آباد (نمائندہ دنیا)100روپے کے موبائل کارڈپرآج سے 100 کاپورابیلنس ملے گا۔سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں آج 14جون سے موبائل صارفین پر عائدودہولڈنگ ، جی ایس ٹی اور سروسز چارجز ختم ہوجائے گا۔ ٹیلی کام انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق موبائل فون صارفین پر ٹیکس کی چھوٹ کا اطلاق تمام کالز پر ہوگا جس میں پری پیڈ، پوسٹ پیڈ کارڈز ، ایزی لوڈ شامل ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات سے پہلے وفاقی وصوبائی حکومتیں موبائل فون صارفین سے ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں 12.5فیصد ، سروسز چارجز کی مد میں 12.5فیصد جبکہ صوبائی حکومتیں بھی 19.5فیصد کی مد میں جی ایس ٹی وصول کررہی تھیں ۔ 100روپے کے کارڈ یا ایز ی لوڈ پر صارفین سے 35.72روپے وصول کررہی تھیں ۔ کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو 15 روز کا ریلیف دیا جائے گا جس کے بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور موبائل کمپنیاں مل کر ٹیکسز کا نیا میکنزم تیار کریں گی ۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے موبائل فون کارڈز پر ٹیکس کٹوتی معطل کر دی تھی۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں موبائل فون کارڈز پر ٹیکس کٹوتی از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی تھی ۔سپریم کورٹ نے موبائل فون کمپنیوں اور ایف بی آر کی طرف سے عائد تمام ٹیکس معطل کرتے ہوئے 2 روز میں احکامات پر عمل درآمد کرنے کی مہلت دی تھی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے تھے کہ 100 روپے کے لوڈ پر 63 روپے آنا غیر قانونی ہے ، موبائل فونز کارڈرز پر ٹیکس وصولی کیلئے جامع پالیسی بنائی جائے ۔