آج غیر رسمی ملاقات کیا رنگ لائیگی ?

آج غیر رسمی ملاقات کیا رنگ لائیگی ?

پاکستان اور بھارت کے وزرا ئے خارجہ کے درمیان آج جمعرات کو نیویارک میں غیر رسمی ملاقات ہوگی۔

( نوید اکبر) یہ ملاقات دوپہر کے کھانے پر ہوگی۔ بھارت کی طرف سے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان باضابطہ ملاقات کی پہلے حامی بھرنے اور پھر اس کو منسوخ کئے جانے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر تلخی آئی ہے تاہم امید کی جارہی ہے کہ مذکورہ غیر رسمی ملاقات بہتری کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے علاوہ پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے اعلیٰ ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ آج جمعرات کو نیویارک میں لنچ پر اکٹھے ہوں گے ، یہ ظہرانہ سارک وزرائے خارجہ کے درمیان ہوگا۔ پاکستان میں نئی حکومت بننے کے بعدپاک بھارت اعلیٰ سطح پر پہلا رابطہ ہوگا۔ اس طرح سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور بھارتی ہم منصب سشما سوراج کے درمیان جنرل اسمبلی کے سربراہ اجلاس کے موقع پر سارک وزراء کونسل کے اجلاس کے دوران یہ ملاقات ہوگی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی جنرل اسمبلی کے سربراہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی نمائندگی کریں گے ۔ سارک وزراء کونسل کا اجلاس جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائن پر27ستمبرکو منعقد ہوگا۔ دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، افغانستان، نیپال ، بھوٹان اور مالدیپ کے وزراء خارجہ کے درمیان جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر اجلاس ہوگا، اس اجلاس کی صدارت نیپال کے وزیرخارجہ پردیپ گیاوالی کریں گے ۔ شاہ محمود قریشی 29ستمبر کو جنرل اسمبلی سربراہ اجلاس سے خطاب کریں گے ، بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج بھی اسی روز اجلاس سے خطاب کریں گی۔ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سربراہ اجلاس میں شریک نہیں ہورہے اور سشما سوراج ان کی نمائندگی کریں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں