سستی روٹی ختم ہوئے عرصہ ہو چکا ،بجٹ میں پھر بھی ایک کروڑ مختص
پروٹوکول سمیت کئی اخراجات کیلئے اضافی فنڈز مختص کرنے کی سفارش کر دی گئی مختص فنڈز میں سے بھی کم بجٹ خرچ کرنے کی کوشش کی جائیگی، وزیر اطلاعات
لاہور(محمد حسن رضا سے )سستی روٹی سکیم ختم ہوئے کئی برس گزر گئے ، لیکن پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں بھی ایک کروڑ روپے مختص کر دئیے ، پروٹوکول سمیت کئی اخراجات کے لئے اضافی فنڈز مختص کرنے کی سفارش کر دی۔ جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب آفس کے لئے انٹرٹینمنٹ اور گفٹ کی مد میں 6کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بجٹ دستاویز میں انکشاف ہوا ہے کہ شہباز شریف دور میں بنائی گئی سستی روٹی اتھارٹی کے لئے 1کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے ، بجٹ دستاویز میں کوڈ نمبر LQ4779 جو کہ سستی روٹی اتھارٹی کے نام سے درج کیا گیا ہے ، میں بتایا گیا کہ کل 12ملازمین کام کررہے ہیں، جن میں 4آفیسرز بھی موجود ہیں، اور ان کی سالانہ تنخواہوں اور الائونسز کی مد میں 39لاکھ 16ہزارروپے رکھے گئے ہیں، جبکہ ڈائریکٹر جنرل کے لئے سالانہ 10لاکھ 35ہزار روپے رکھے گئے ہیں، اسی طرح 2 اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ایک سپرنٹنڈنٹ کے لئے بھی 12لاکھ روپے سے زائد مختص کئے گئے ہیں، اعزازیہ ، انٹرٹینمنٹ اینڈ گفٹ کی مد میں بھی سستی روٹی اتھارٹی کو پیسے دینے کے لئے لاکھوں روپے مختص کئے گئے ہیں، اسی طرح دفتر ، فرنیچر سمیت دیگر اخراجات کے لئے 1کروڑ 43لاکھ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ یہ منصوبہ کئی برس قبل ختم ہو چکا ہے ۔بجٹ دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ اعلیٰ حکومتی عہدیدار کے پروٹوکول کے لئے بنائے گئے ڈی جی پروٹوکول کے اخراجات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ، یعنی گزشتہ برس 2017-18کے بجٹ میں ساڑھے 6کروڑ روپے رکھے گئے تھے جو اب بڑھا کر پی ٹی آئی حکومت نے 7کروڑ 87لاکھ کرنے کی سفارش کردی ہے ، اسی طرح پنجاب اوورسیز کمیشن کے اخراجات 16کروڑ سے بڑھا کر 17کروڑ کرنے کی سفارش کی جارہی ہے ، جبکہ پنجاب انفارمیشن کمیشن کے اخراجات ساڑھے 4کروڑ سے بڑھا کر ساڑھے 5کروڑ مختص کرنے کی سفارش کی جارہی ہے ، اور وزیراعلیٰ پنجاب آفس کے لئے انٹرٹینمنٹ اور گفٹ کی مد میں 6کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔اس حوالے سے محکمہ خزانہ پنجاب کے حکا م کا کہنا ہے کہ فنڈز مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور جیسے ہی انڈسٹریز کی جانب سے سفارشات موصول ہوئیں وہ بھجوا دی گئی تھیں۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ اخراجات کم کئے جا رہے ہیں اور بجٹ میں جو فنڈز مختص کرنے کی سفارشات کی گئی ہیں اس میں سے بھی کم بجٹ خرچ کرنے کی کوشش کی جائیگی۔ سستی روٹی