خدا کا حکم ہے کہ سچی گواہی دو , گواہ ڈرتے ہیں تو انصاف نہ مانگیں , چیف جسٹس

خدا کا حکم ہے کہ سچی گواہی دو , گواہ ڈرتے ہیں تو انصاف نہ مانگیں , چیف جسٹس

ماں باپ یا عزیزوں کیخلاف بھی شہادت دینے کیلئے گواہ بنو، اغوا برائے تاوان کے کیس کی سماعت کے دوران جسٹس آصف کھو سہ کے ریمارکس مغوی کی برآمدگی پولیس کے ذریعے نہیں ہوئی، صدیق اغوا ہونے کے 6ماہ بعد بھی شامل تفتیش نہیں ہوا، عمر قید کے تین ملزم 8سال بعدبری

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھو سہ نے اغوا برا ئے تاوان کے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ خدا کا حکم ہے کہ سچی گواہی دو ،اپنے ماں باپ یا عزیزوں کے خلاف بھی شہادت دینے کے لیے گواہ بنو،اگر گواہ ڈرتے ہیں تو انصاف نہ مانگیں ،عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد عمر قید کے تین ملز موں کو شک کا فائدہ دے کر 8 سال بعدبری کر دیا ہے ، چیف جسٹس آصف سعیدخان کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصل آباد کے ملز موں نصیر احمد،اسد علی اور مظہر حسین کی سزاؤں کیخلاف دائر اپیلوں کی سماعت کی۔ڈیرہ غازی خان کے اغوا برائے تاوان کے کیس کی تفصیل کے مطابق محمد صدیق کو مبینہ طور پر 14 جنوری 2011 کو فیصل آباد سے اغوا کیا گیا تھا،دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ پولیس دھمکی دیتی ہے ، ہمارے پاس بہت سے نامعلوم کیس چل رہے ہیں، تمہیں بھی کیس میں ڈال دیں گے ، جس پر ملزم اسد علی کے وکیل نے کہا کہ ملز موں کے خلاف لوگ گواہی دینے سے ڈرتے ہیں تو چیف جسٹس نے کہا کہ اگر گواہ ڈرتے ہیں تو انصاف نہ مانگیں،اللہ کا حکم ہے سچی شہادت کیلئے سامنے آجائو، حکم ہے اپنے خلاف،ماں باپ یا عزیز و اقارب کیخلاف بھی گواہی کیلئے اللہ کیلئے گواہ بنو۔ مغوی محمد صدیق کی برآمدگی پولیس کے ذریعے نہیں ہوئی، مغوی ،اغوا ہونے کے 6 ماہ بعد بھی شامل تفتیش نہیں ہوا،مغوی نے 6 ماہ تک پیش نہ ہونے کا کوئی جواز پیش نہیں کیا۔بعد ازاں عدالت نے شک کا فائدہ دیتے ہوئے تمام ملز موں کی سزائیں ختم کرتے ہوئے بری کرنے کا حکم دے دیا۔واضع رہے کہ نصیر احمد،مظہر حسین اور اسد علی پر محمد صدیق کو اغوا کر کے تاوان لینے کا الزام تھاٹرائل کورٹ نے ملزم نصیر احمد اور اسد علی کو عمر قید جبکہ اسد علی کو سزائے موت سنائی تھی تاہم لاہور ہائیکورٹ نے اسد علی کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرتے ہوئے دیگر ملز موں کی اپیلیں مسترد کی تھیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں