سانحہ ساہیوال :ویڈیو میں اہلکار نقاب پوش ، شناخت میں مشکل کا سامنا
سانحہ ساہیوال کیس میں جے آئی ٹی کو ایک اور مشکل کا سامنا کرنا پڑ گیا ۔فرانزک لیب کو دی جانیوالی ویڈیوز میں ساہیوال آپریشن کرنیوالے اہلکارنقاب پوش ہیں
لاہور ( مجاہد شیخ سے ) سانحہ ساہیوال کیس میں جے آئی ٹی کو ایک اور مشکل کا سامنا کرنا پڑ گیا ۔فرانزک لیب کو دی جانیوالی ویڈیوز میں ساہیوال آپریشن کرنیوالے اہلکارنقاب پوش ہیں جسکی وجہ سے انکے چہرے نظر نہیں آرہے ۔تفصیلات کے مطابق سانحہ ساہیوال کے دوران جو ویڈیوز جے آئی ٹی کو موصول ہوئیں ان میں کسی بھی سی ٹی ڈی کے اہلکار کا چہرہ واضح نہیں کیونکہ آپریشن میں شامل تمام اہلکار نقاب پوش ہیں ۔جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے سی ٹی ڈی کے 5 سے 6 اہلکاروں کو گرفتار کررکھا ہے جن کی شناخت پریڈ میں بھی جے آئی ٹی کو دشواری کا سامنا ہے کیونکہ آپریشن میں شامل اہلکار اپنے چہروں کونقاب سے چھپائے ہوئے تھے ۔جے آئی ٹی گرفتار اہلکاروں کو فرانزک لیب میں لائی ،جہاں مختلف زاویوں سے انکی تصاویر بنائی گئی ہیں۔ چہروں پر نقاب ہونے کی وجہ سے فرانزک لیب کے اہلکار جسمانی خدوخال سے بھی اندازہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں اور اہلکاروں کے چہروں پر نقاب ہونے کی وجہ سے شناخت میں مزید وقت درکار ہوگا ۔ ڈی جی فرانزک لیب ڈاکٹر طاہر اشرف کا کہنا ہے پانچ سے چھ گرفتار اہلکار وں کو شناخت کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے گی اور چہروں پر نقاب ہونے کے باوجود مختلف طریقہ کار سے شناخت کیا جائے گا۔دوسری جانب موقع کے عینی شاہد خلیل کے بیٹے عمیر نے بھی اپنے تحریری بیان میں فائرنگ کرنیوالے سی ٹی ڈی کے اہلکاروں کے چہرے پر نقاب کا ذکر کیا ہے ۔