بحران کی ذمہ دار سابق حکومتیں ،وزیراعظم کانیا بیانیہ
بدترین حالات میں حکومت نے جو کیا عوام کو آگاہ کیا جائے ،حکومتی ذمہ داروں کوہدایت
اسلام آباد (طارق عزیز)وزیراعظم عمران خان نے وزراء، پارٹی عہدیداروں، حکومتی ذمہ داروں کو نیا بیانیہ دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ، میڈیا، پبلک مقامات سمیت ہر عوامی اور موثر پلیٹ فارم پر موجودہ معاشی اور توانائی بحران کا ذمہ دار (ن) لیگ، پیپلزپارٹی کی قیادت اور اس کی حکومتوں کو قرار دیا جائے اوریہ با ور کرایا جائے کہ ماضی کی کرپٹ حکومتوں کی وجہ سے تحریک انصاف کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، بدترین حالات کے باوجود تحریک انصاف کی حکومت نے معاشی، توانائی، تعلیم،صحت سمیت دیگر شعبوں میں کس قدر کامیابی حاصل کی 6ماہ کی حکومتی کارکردگی کوموثر انداز میں اجاگر کرتے ہوئے میڈیا اور عوام تک یہ بات پہنچائی جائے کہ حکومت اپنے وعدوں اورمنشور کے مطابق فیصلے کررہی ہے ،مفادعامہ کیلئے غیرمعمولی اقدامات کئے گئے تلخ حکومتی فیصلوں، پالیسیوں کی وجہ ماضی کی حکومتوں کی بدعنوانی، بیڈگورننس اور سیاسی اقرباپروری ہے ، وزیراعظم کے مطابق حکومتی کارکردگی کو اس طرح اجاگرنہیں کیا جارہا ہے جس قدر ہم نے بدترین حالات میں غیرمعمولی کام کیا ہے ،رائے عامہ کو حکومت کے حق میں کرنے کیلئے وزراء، پارٹی عہدیداروں، ترجمانوں کو ذمہ داری سونپی گئی ہے ، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گزشتہ 6ماہ کی کارکردگی کیساتھ ساتھ آئندہ 6ماہ میں ہونے والے فیصلوں، پالیسیوں پر مبنی بیانیہ عوام تک پہنچایا جائے ،متوقع فیصلوں اور پالیسیوں بارے وزیراعظم آفس وزراء، حکومتی اور پارٹی عہدیداروں کو معلومات فراہم کرے گا،اس سلسلہ میں سہولت کے طور پر دستاویزات بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ عام آدمی کو بتایا جاسکے کہ حکومت ان کیلئے کیا کرنے جارہی ہے ،بیرونی دوروں کی کامیابی،باہر سے آنے والی سرمایہ کاری اور مالی امداد کی تفصیلات تواتر کیساتھ عوام تک پہنچائی جائیں ،پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بھی حکومتی کارکردگی بھرپور انداز میں پیش کی جائے اورماضی کے حکمرانوں، حکومتوں بالخصوص نوازشریف، شہبازشریف، زرداری، فضل الرحمن اور دیگر کو تنقیدکا نشانہ بنایا جائے کرپشن کے حوالے سے ان کیخلاف باقاعدہ میڈیا مہم چلائی جائے مزید یہ کہ عوام کو باور کرایا جائے کہ کوئی ڈیل یا ڈھیل نہیں ہوگی کیونکہ تحریک انصاف کرپشن کیخلاف بیانیہ لیکراقتدار میں آئی ہے ڈیل کی باتوں سے مایوسی پھیلتی ہے ، مایوسی ختم کر نے کیلئے ڈیل کے تاثر کو سختی کیساتھ رد کیا جائے ۔