ڈیم فنڈز :عمران خان کا دستخط شدہ بلا 15 ہزار ڈالرز میں نیلام
خوشی ہے وزیراعظم بھی ڈیم فنڈز کا حصہ بن گئے ، ڈیم کا نہ بننا مجرمانہ غفلت ، ثاقب نثار عطیات دینے پر اوورسیز پاکستانی مبارکباد کے مستحق، سینیٹر فیصل جاوید کا کینیڈا میں خطاب
مونٹریال(آئی این پی،آن لائن،این این آئی ) کینیڈا میں ڈیم فنڈز کے حوالے سے تقریب میں وزیراعظم عمران خان کا دستخط شدہ بلا 15ہزار ڈالرز میں نیلام ہوگیا ، کینیڈا میں ڈیم فنڈریزنگ کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقع پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا بیرون ملک پاکستانیوں میں بہت جذبہ ہے ۔خوشی ہے وزیراعظم عمران خان بھی ڈیم فنڈز کا حصہ بن گئے ہیں ،بھارت نے پاکستان کو کبھی بطور آزاد ملک تسلیم نہیں کیا ۔ملکی سالمیت کے خلاف ازخود نوٹس کااستعمال کرنے پر فخر ہے ۔ڈیم کا نہ بننا مجرمانہ غفلت ہے ، لوگوں کی جانب سے دیئے گئے عطیات صرف ڈیم کی تعمیر پر خرچ ہوں گے ۔ سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہا اہم مشن کے لئے پاکستانیوں کی سخاوت قابل دید ہے ، دل کھول کر عطیات دینے پر اوورسیز پاکستانی مبارکباد کے مستحق ہیں۔