چین کی مسعود اظہر معاملے پر بھارت کو مذاکرات کی پیشکش
مشترکہ مرتب کیا گیا کوئی طویل المدتی پلان ہی فائدہ مند ہو سکتا ہے ، وزارت خارجہ
بیجنگ(رائٹرز،مانیٹرنگ ڈیسک)چین نے مسعود اظہر کے معاملے پر بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کردی۔چینی وزارت خارجہ کے بیان میں کہاگیاہے کہ وہ مسعود اظہر کے معاملے پر بھارت سمیت تمام فریقوں کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے ۔ بیجنگ کو مسعود اظہر پر پابندیاں عائد کرنے کے معاملے پر غور کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے ۔ اس معاملے پر مشترکہ مشاورت کے ساتھ مرتب کیا گیا کوئی طویل المدتی پلان ہی فائدہ مند ہو سکتا ہے ۔ بیان میں کہاگیا کہ چین کو امید ہے کہ سلامتی کونسل کی ذیلی کمیٹی کے اقدامات علاقائی سلامتی کے تحفظ اور کشیدہ صورتحال میں کمی کیلئے مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق مسعود اظہر کو بلیک لسٹ کرنے کا یہ معاملہ تقریباً نو ماہ کے لیے لٹک کر رہ گیا ہے ۔ ایسی خبریں بھی سامنے آئی ہیں کہ یہی تینوں ملک امریکہ،برطانیہ اور فرانس ایک اور ایسی ہی قرارداد سلامتی کونسل میں پیش کرنے کی تیاری میں مصروف ہیں۔