دعوے سے کہتا ہوں ہر حکومت کا حصہ بن سکتا ہوں،نثار
معاشرہ تنزلی کا شکار ، سب بکتے ہیں ،عوام چہرے بدلنے والوں کو قبول کرتے ہیں
راولپنڈی ، اسلام آباد(نمائندہ دنیا ، صباح نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک )سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ میں دعوے سے کہتا ہوں کہ ہر حکومت کا حصہ بن سکتا ہوں ، مجھے بہت سی پیشکشیں ہوئیں لیکن میں نے انہیں جھٹلا دیا، ذرا سی بات کی تشہیر ہوجاتی اور میں تشہیر کا قائل نہیں ، وزیر ا علٰی پنجاب بنائے جانے کے بارے میں جنہوں نے شوشہ چھوڑا ہے وہی اس کا جواب بھی دیں ، رواں سال کے آخر تک مہنگائی عوام کی چیخیں نکلوا دیگی ، روات میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ اس وقت معاشرہ تنزلی کا شکار ہے یہاں سب بکتے ہیں اور بک رہے ہیں، عوام بھی چہرے بدلنے والوں کو قبول کرتے ہیں، حلال اور حرام کی تمیز ختم ہوگئی ، اقتدار کی خواہش نہیں میں نے روزہ رکھا ہوا ہے ، جب افطاری ہوگی تو مزہ آئیگا، سیاست عہدے کے لئے نہیں عوام کیلئے کرتا ہوں ،صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر وہ عمران خان کے ساتھ ہوتے تو کہتے کہ ایک جگہ اکٹھے ہوجائیں کیونکہ آج اتحاد کی ضرورت ہے ، صوبائی اسمبلی کا حلف نہیں اٹھائوں گا کیونکہ قومی اسمبلی کی نشست پر میرے ساتھ ہاتھ ہوا ، تحریک انصاف خود کو مقبول جماعت کہتی ہے تو الیکشن کرا کر دیکھ لے ۔