مودی کیلئے ایوارڈ، ہمارے لئے شرم کا مقام ، تھنک ٹینک

 مودی کیلئے ایوارڈ، ہمارے لئے شرم کا مقام ، تھنک ٹینک

بڑے فیصلے زبانی کلامی تبدیل نہیں ہوتے ،ایاز امیر ،دنیا کشمیریوں کی آواز سن رہی ہے ،خاور صرف ایران نے کشمیریوں کے حق میں قرارداد منظور کی ،ایشوعالمی سطح پر آگیا ،حسن عسکری آج دنیا بھر میں ا حتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں ،پاکستان کی حکمت عملی اچھی ہے ، سلمان غنی

لاہور(دنیا نیوز)معروف تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے کہ ہمیں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو دنیا میں اجاگر کرنا چاہئے ،عالمی برادری سے رابطے اچھی بات ہے ۔لیکن ایسے بڑے فیصلے زبانی کلامی تبدیل نہیں ہوتے ،اس کے لئے اور اقدامات کی ضرورت ہے لیکن اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ بھارت کے خلاف اعلان جنگ کردیں ،پروگرام "تھنک ٹینک " میں میزبان عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کشمیر میں راتوں رات تبدیلی نہیں ہوگی۔ ماحول ضرور بنانا چاہئے لیکن یہ ایک طویل جنگ ہے ۔اس کے لئے تیاری کرنی ہوگی۔سیاسی تجزیہ کار،روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ ہمیں مودی مائنڈ سیٹ کو پڑھنا چاہئے آ ج عالمی میڈیا اس کی تصویر کشی کر رہا ہے ۔برطانیہ اور امریکا کے تمام بڑے بڑے اخبارات بھارت کی بربریت کو دنیا کے سامنے لا رہے ہیں۔ نیویارک تائمز کے مطابق کشمیر ایک آتش فشاں بن گیا ہے جو کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے ۔ آج راہول گاندھی کو سری نگر میں داخل نہیں ہونے دیا گیا اور مقبوضہ وادی کو فوجی چھائونی بنادیا گیا ۔کشمیریوں پر قیامت صغریٰ برپا کردی گئی ہے انھوں نے کہا کہ آج ابوظہبی میں قاتل مودی کو وہاں کا سب سے بڑا سول ایوارڈ دیا گیا ہے ہمارے لے شرم کا مقام ہے ہمیں بھی بہت کچھ سوچنا پڑے گا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان نے بنیادی موقف اختیار کیا ہے آج دنیا کے مختلف ممالک میں ا حتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں ۔خود بھارت کے اندر احتجاج کی آوازین بلند ہورہی ہیں پاکستان کی حکمت عملی بڑی اچھی ہے ۔ممتاز تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ اسلامی دنیا اور مغرب میں سوچ اور رویوں کا فرق ہے ،انسانی حقوق کے ایشو ایک دو مسلمان ملکوں کے علاوہ کہیں معنی نہیں رکھتے ۔ کم از کم مشرق وسطیٰ کے ممالک میں ان کے کوئی معانی نہیں ہیں ۔صرف ایران کی پارلیمنٹ نے کشمیریوں کے حق میں قرارداد منظور کی ہے ۔اور کہیں کچھ نہیں ہوا،اس لئے ہمیں یہ توقع نہیں رکھنی چاہئے کہ یہ ممالک اس طرف توجہ دیں گے ،بھارت کی پالیسی یہ تھی کہ کشمیر کو چھپا کر رکھا جائے لیکن اس کے حالیہ فیصلہ سے یہ ایشو عالمی سطح پر آگیا ہے ۔اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیورو چیف خاور گھمن نے کہا کہ دنیا کشمیریوں کی آواز سن رہی ہے ۔واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے مودی خطرناک کھیل کھیل رہا ہے ۔سلامتی کونسل کو بالآخر مداخلت کرنی پڑے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں