پینے کے پانی کے چار برانڈز غیر معیاری،رپورٹ جاری
پاکستان کونسل برائے تحقیقات آبی وسائل ( پی سی آر ڈبلیو آر) نے پینے کے پانی کے مختلف برانڈز کی سہ ماہی تجزیاتی رپورٹ جاری کردی
اسلا م آباد(نامہ نگار) پاکستان کونسل برائے تحقیقات آبی وسائل ( پی سی آر ڈبلیو آر) نے پینے کے پانی کے مختلف برانڈز کی سہ ماہی تجزیاتی رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق اپریل تاجون سہ ماہی میں اسلام آباد، راولپنڈی ، ٹندو جام ، لاہور، ملتان ، بہاولپور، فیصل آباد، پشاور اور سیالکوٹ سے بوتل بند ، منرل پانی کے 77برانڈز کے نمونے حاصل کئے گئے ، جن کا تجزیہ کیاگیا ،تجزیئے کے مطابق 2برانڈز ( سپر نیچرل اور تاج پیورڈرنکنگ واٹر) کے نمونوں میں سوڈیم کی مقدار سٹینڈرڈ کے مطابق نہیں پائی گئی اور 2برانڈز (کلاسک پلس اور کلنز) کے نمونوں میں پی ایچ کی مقدار سٹینڈرڈ سے کم پائی گئی جس کی وجہ سے ہائی بلڈ پریشر اور تیزابیت کی شکایت ہوسکتی ہے ۔