سردار رضا کا پارٹی فنڈنگ کیس نئے الیکشن کمیشن پر چھوڑنے کا فیصلہ

سردار رضا کا پارٹی فنڈنگ کیس  نئے الیکشن کمیشن پر چھوڑنے کا فیصلہ

چیف الیکشن کمشنرجسٹس (ر) سردار رضا نے تحریک انصاف کی پارٹی فنڈنگ سے متعلق کیس کا فیصلہ اگلے کمیشن پر چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے

اسلام آباد (رپورٹ : الماس حید رنقوی )چیف الیکشن کمشنرجسٹس (ر) سردار رضا نے تحریک انصاف کی پارٹی فنڈنگ سے متعلق کیس کا فیصلہ اگلے کمیشن پر چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے ، 5دسمبر کو انکی ریٹائرمنٹ کے بعد الیکشن کمیشن عملی طو رپر غیر فعال ہوجائے گا اور تحریک انصاف سمیت سیاسی جماعتوں کے غیر ملکی فنڈنگ کیس پر پیش رفت ہو سکے گی اور نہ ہی ضمنی انتخابات یا بلدیاتی انتخابات کا عمل ممکن ہوسکے گا، الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی کی صورت میں حلف پر بھی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے ، ممبران کا حلف چیف الیکشن کمشنر ہی لے سکتے ہیں ، سیکرٹری الیکشن کمیشن بھی 24دن بعد ریٹائر ہوجائیں گے ، انتہائی باوثوق ذرائع نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے تحریک انصاف سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کے پارٹی فنڈنگ سے متعلق کیس پر فیصلہ اگلے چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن پر چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے ، چیف الیکشن کمشنر کا پانچ دسمبر کو کمیشن میں آخری دن ہوگا،ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب ہوگی،چھ دسمبر کو چیف الیکشن کمشنر آفس نہیں آئیں گے ، الیکشن کمیشن کے دوممبرا ن پہلے ہی موجود نہیں جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن غیر فعال ہو جائیگا جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن میں زیر سماعت تحریک انصاف ، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے پارٹی فنڈنگ کیس کا سکروٹنی عمل بھی رک جائے گا اور ان کیسوں کے فیصلوں میں مزید تاخیر کا قوی امکان ہے ، الیکشن کمیشن کے غیر فعال ہونے کے باعث ملک میں ضمنی انتخابات کا انعقاد بھی نہیں ہو سکے گااور نہ ہی بلوچستان او رخیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پیش رفت ہو سکے گی دونوں صوبوں میں بلدیاتی ادارے اپنی مدت پوری کر کے ختم ہو چکے ہیں،ان انتخابات میں مزید تاخیر ہو گی، چیف الیکشن کمشنر کی ریٹائر منٹ کے 24دن بعد سیکرٹری الیکشن کمیشن سردار بابر یعقوب فتح محمد بھی ریٹائر ہو جائیں گے جس کی وجہ سے سیکرٹری الیکشن کمیشن کا اہم عہدہ بھی خالی ہو جائے گا، اگر حکومت اور اپوزیشن مل کر ایک ممبر تعینات کر دیتی ہیں تو پھر ممبر کے حلف کے حوالے سے بھی آئینی بحران پید ا ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ قانون کے تحت ممبران سے حلف چیف الیکشن کمشنر ہی لے سکتا ہے ، ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ نئے ممبر کی تعیناتی کی صور ت میں ممبر پنجاب قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کے طور پر نئے ممبران سے حلف لیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں