ن لیگ میں ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ ختم ہوگیا ،تھنک ٹینک
شہباز شریف مصلحت کا شکار، ایاز امیر، سیاسی جماعتیں جمہوریت کی دعویدار ، سلمان غنی سیاست کا اکھاڑہ لندن تک پہنچ گیا ،حسن عسکری،ن لیگ کے بڑے پریشان، خاور گھمن
لاہور(دنیا نیوز)معروف تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل اخبار کا نمائندہ مسکرا مسکرا کر کہتا ہے کہ میں تو انتظار کر رہا ہوں لیکن شہباز شریف مصلحت کا شکار ہیں مریم نواز بھی خاموش ہیں اور ووٹ کو عزت دو کا سارا بیانیہ ختم ہوگیا ہے ۔پروگرام "تھنک ٹینک " میں میزبان عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ70 کی دہائی سے پہلے منی لانڈرنگ کا تصور تک نہیں تھا ۔آج کل تو اتنی بھاری رقوم کی منی لانڈرنگ ہوئی ہے کہ آدمی دنگ رہ جاتا ہے حسن نواز اور حسین نواز کی پراپرٹی کی قیمتیں لگا کر انگریز حیرانگی سے مر جاتے ہوں گے لیکن پاکستانی سیاست میں یہ سب کچھ ٹھیک ہے ۔ چودھری شوگر ملز کے بارے میں افسانے اور کہانیاں نکلی ہیں لیکن ہم کہتے ہیں ٹھیک ہے یار،ایسے چلتا ہے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے وہاں ن لیگ کے رہنمائوں سے کیا مشورہ کرنا ہے ،اچھے وقتوں کا انتظار کر رہے ہیں ۔ان کا زیادہ انحصار اپنی طاقت پر نہیں موجودہ حکومت کی نالائقی پر ہے وہ سمجھتے ہیں ان کی نالائقی رنگ لائے گی اور ہمارے لئے اچھے دن آئیں گے ۔سیاسی تجزیہ کار اور روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ پاکستان کی بڑی سیاسی حقیقت یہ ہے کہ ہماری سیاسی جماعتیں جمہوریت کی دعویدار ہیں ۔وہ اپنے لئے جمہوریت مانگتی ہیں لیکن فیصلوں کا اختیار لیڈر شپ کے پاس ہوتا ہے ۔ شہباز شریف نے یہاں سیاست کرنی ہے تو تو انہیں واپس آنا ہے ۔ممتاز تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ لندن اب پاکستانی سیاست کے لئے غیر ملک نہیں رہا بلکہ ہمارا سیاسی اکھاڑہ پھیل کر لندن تک پہنچ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ نظام کو الٹ پلٹ نہیں کرنا چاہتی تاکہ ان کا اپنا چانس موجود رہے ۔شہباز شریف نے ان ہائوس تبدیلی کی بات کی۔فی الحال اگلے ایک دو ماہ میں اس کا چانس نظر نہیں آتا۔تجزیہ کار ،اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیورو چیف خاور گھمن نے کہا کہ شریف برادران نے 99 کی فلم دوبارہ چلا دی ہے ۔چپکے سے لندن چلے گئے ہیں۔ن لیگ کے سارے بڑے پریشان ہیں وہ آگے کا لائحہ عمل جاننا چاہتے ہیں ۔