55فیصد پاکستانی پی ٹی آئی وزراکو نااہل سمجھتے ہیں:گیلپ
41 فیصد شہری وزرا کو اہل سمجھتے ہیں ، نوجوان ووٹر حکومتی کارکردگی سے مطمئن 60 فیصد نے شہباز شریف کو عثمان بزدار سے بہتر وزیر اعلیٰ کہا:سروے رپورٹ
اسلام آباد(آن لائن)گیلپ سروے کے مطابق55 فیصد پاکستانی تحریک انصاف کے وزرا کو نااہل سمجھتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گیلپ پاکستان نے ایک سروے کیا ہے جس میں پاکستانیوں سے سوال کیا گیا کہ کیا پاکستان تحریک انصاف کے وزرا نااہل ہیں؟ سروے رپورٹ کے مطابق 55فیصد پاکستانیوں نے وزرا کو نااہل قرار دیا ہے جبکہ 41فیصد نے کہا کہ پاکستانی تحریک انصاف کے وزرا نااہل نہیں ہیں۔ گیلانی اینڈ گیلپ ریسرچ فائونڈیشن کی سروے رپورٹ کے مطابق صرف 4 فیصد نے کہا کہ وہ اس بارے کچھ نہیں جانتے یا جواب نہیں دینا چاہتے ۔ اس سے قبل بھی گیلپ نے ایک سروے کیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ وفاقی حکومت کی کارکردگی پر 53 فیصد شہری ناراض اور 45 فیصد خوش ہیں۔ موجودہ حکومت کی کارکردگی کو 92 فیصد ووٹرز نے بہترین قرار دیا۔ سروے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان ووٹر حکومتی کارکردگی سے جہاں انتہائی مطمئن ہیں وہیں وہ مہنگائی میں اضافے سے پریشان نظر آئے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی تبدیلی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے سپورٹرز تقسیم نظر آئے ، 60 فیصد افراد نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو سردار عثمان بزدار سے بہتر قرار دیا ۔