شناختی کارڈ شرط :12مز ید سیکٹرز کیساتھ مذاکرات کافیصلہ
نئے سیکٹرز میں ٹائرز، موبائلز، گھی، چینی، دالیں اور دیگر شعبے شامل
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے یکم فروری سے ملک میں 50ہزار روپے سے زائد کی خریداریوں پر شناختی کارڈ پیش کرنے کی شرط پر عملدرآمد شروع ہونے سے قبل 12مز ید سیکٹرز کیساتھ ٹیکس اور سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اس ضمن میں ایف بی آر24جنوری سے 31جنوری کے دوران ملک بھر کی تاجر برادری سے مذاکرات کر کے ان کی تشویش دور کرے گا، جن نئے سیکٹرز کیساتھ مذاکرات کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں ٹائرز، موبائلز، گھی، چینی، دالیں وغیرہ، سیمنٹ، فرٹیلائزرز، الیکٹرانکس، یارن، آئرن سٹیل، پیپر، آٹو موبائل و دیگر سیکٹرز شامل ہیں ،ان کیساتھ ٹرن اوور ٹیکس، سیلز ٹیکس رجسٹریشن کیلئے طریقہ کار طے کیا جائے گا۔ جمعرات کو یہاں ایف بی آر ہائوس میں تاجر نمائندوں اور ایف بی آر حکام میں اہم میٹنگ ہوئی ،تاجر نمائندوں، کاشف چودھری،نعیم میر، اجمل بلوچ جبکہ ایف بی آر حکام کی طرف سے نوشین امجد قائم مقام چیئرپرسن ایف بی آر، ممبر آئی آر پالیسی ڈاکٹر حامد عتیق، ڈی جی ریٹیل حمید میمن نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک گیر سطح پر قائم کمیٹیوں کو آئندہ دو روز میں مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا،ایف بی آر ہائوس اسلام آباد میں22جنوری شام تین بجے ملک بھر کے اہم تاجر نمائندوں اور ایف بی آر حکام کا مشترکہ اجلاس ہو گا جس میں تاجرتنظیموں کیساتھ طے شدہ معاہدے پر ہونیوالی پیش رفت پر چیئرپرسن ایف بی آر و دیگر حکام تاجروں کو اعتماد میں لیں گے ، تاجر نمائندوں اور ایف بی آر حکام میں طے پایا کہ 24جنوری کو راولپنڈی اسلام آباد، 27 جنوری کراچی، 29 جنوری ملتان، 30جنوری فیصل آباد اور 31 جنوری کو لاہو ر کے ریجنل دفاترمیں تاجر نمائندوں اور ایف بی آر حکام کے مشترکہ اجلاس ہوں گے جبکہ ٹرن اوور ٹیکس سے پیدا مشکلات کے از سر نو جائزے کیلئے ٹائرز، موبائلز، گھی، چینی، دالیں وغیرہ، سیمنٹ، فرٹیلائزرز، الیکٹرانکس، یارن، آئرن سٹیل، پیپر، آٹو موبائل و دیگر سیکٹرز کیساتھ 13 اور 14 جنوری کو ایف بی ہائو س اسلام آباد میں میٹنگ ہو گی۔