کورونا : مزید 118 جاں بحق، آج سے پنجاب میں ٹرانسپورٹ بند

کورونا : مزید 118 جاں بحق، آج سے پنجاب میں ٹرانسپورٹ بند

ملک بھر میں سیاحت پر پابندی، مری کے داخلی و خارجی راستے بند کردئیے گئے ،ایس او پیز پر سختی سے عمل کی ہدایت ، 3785 نئے مریض،فعال کیسز 81ہزار سے زائد ،پنجاب میں 81 اموات،پولیس اہلکاروں کی ویکسی نیشن شروع

لاہور، اسلام آباد،مری(اپنے سٹاف رپورٹر سے ، نیوز ایجنسیاں، دنیا مانیٹرنگ)کورونا سے ملک میں مزید 118افراد جاں بحق ہوگئے اور 3785 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، جبکہ این سی او سی نے صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے ۔ تفصیلات کے مطابق اسدعمرا ور لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان کی زیرصدارت این سی اوسی کا اجلاس ہوا، جس میں 8تا16مئی آمد و رفت کنٹرول کرنے سے متعلق اقدامات پرنظر ثانی کی گئی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ضروری سروسز کے علاوہ تمام مارکیٹیں، تجارتی مراکز اور دکانیں بند رہیں گی جبکہ میڈیکل سٹورز، سبزی، پھل، گوشت کی دکانیں اور پٹرول پمپ معمول کے مطابق کھلے رہیں گے ۔ فوڈ ٹیک اوے ، یوٹیلیٹی سروسز دستیاب رہیں گی،کال سنٹر، بجلی،گیس، موبائل نیٹ ورک اور میڈیا دفاتر کھلے رہیں گے ۔اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں سیاحت پر مکمل پابندی ہوگی، سیاحتی مقامات پر قائم ہوٹل، ریسٹورنٹ، پارکس سمیت تمام تفریحی مقامات بند رہیں گے اور وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور تفریحی مقامات پر جانے والوں کو واپس بھیجاجائیگا۔ این سی او سی نے صوبوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کی شکایات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صوبوں کو بھرپور قوت کے استعمال سے ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی۔ ادھر ملکہ کوہسار مری کے اہم ترین2 داخلی وخارجی راستوں جن میں سیسل ریزارٹ اوردلکشا شامل ہیں کو مری انتظامیہ نے بندکردیا جبکہ مال روڈ سے کینٹ حدود میں جانے کی عرصہ دراز سے اجازت نہیں ہے مقامی لوگ ان راستوں کو استعمال کرتے ہیں ۔ دوسری جانب این سی او سی نے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں کورونا متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 58 ہزار25 ہو گئی اور 18 ہزار 915 اموات ہوچکی ہیں ۔ ملک میں اس وقت فعال کیسز کی تعداد 81 ہزار 830 ہے جن میں سے 4903 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔ ادھر ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق لاہور میں کورونا سے 24 اور صوبہ بھر میں مزید 81مریض جاں بحق ہوگئے ۔ جبکہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 1638 نئے کیسز کے ساتھ تعداد 317 972 ہو گئی۔ اور لاہورمیں 763 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ۔ دریں اثنا کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ 40 سال سے زائد پولیس اہلکاروں کی بھی ویکسی نیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔عید سے قبل 9963 پولیس اہلکاروں کی ویکسی نیشن مکمل کی جائے گی۔ واضح رہے کہ لاہور میں 7 لاکھ سے زائد جبکہ صوبہ بھرمیں مجموعی طورپر 18 لاکھ سے زائدشہریوں کو کوروناسے بچاؤ کیلئے ویکسین لگائی جاچکی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں