مودی کی زبان بولنے والوں کی آج ضمانتیں ضبط ہو جائینگی : بزدار

مودی کی زبان بولنے والوں کی آج ضمانتیں ضبط ہو جائینگی : بزدار

لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور ملتان میں زیادہ سے زیادہ شہریو ں کی ویکسی نیشن کی جائیگی ، عید پرصفائی ‘ سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں ‘ پولیس افسروں کو شاباش

لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے باشعور عوام آج پاکستان تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیں گے ۔ اپوزیشن جماعتوں نے دلفریب نعروں کے سوا کشمیری عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ملک و قوم کو لوٹنے والوں کو آزاد کشمیر میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ان عناصر نے مسئلہ کشمیر پر کبھی کھل کر بات نہیں کی اور ہمیشہ اپنے مفادات کو عزیز رکھا۔ کشمیر کے غیور عوام اپوزیشن کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے اور تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں گے ۔ مودی کی زبان بولنے والوں کی آج ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں پر بھارت کے جبر و استبداد کے خلاف بھرپور آواز بلند کی۔ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت نے مودی سرکار کا مکرہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔ادھر وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر زیادہ سے زیادہ شہریوں کی کورونا ویکسی نیشن کیلئے پنجاب کے 5 بڑے شہروں میں کورونا ویکسین لگانے کی خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔عثمان بزدار نے کہا ہے کہ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور ملتان میں زیادہ سے زیادہ شہریو ں کو کورونا ویکسین لگانے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔یہ مہم 26 جولائی سے 10 اگست تک جاری رہے گی۔خصوصی مہم کے دوران موبائل ٹیمیں شہریوں کو ویکسین لگائیں گی۔ سپیشل ٹیمیں مارکیٹوں اور بازاروں میں جا کر دکانداروں کی ویکسی نیشن کریں گی۔ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو بھی ویکسین لگائی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی خصوصی مہم کی خود نگرانی کروں گا اورانشاء اللہ متعلقہ محکموں کی شبانہ روز کاوشوں اور شہریوں کے تعاون سے ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کریں گے ۔ وزیراعلیٰ نے عیدالاضحی کے موقع پرپنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات پر انتظامیہ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی کارکردگی کی تحسین کی ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزادر نے عیدالاضحی کے تینوں روز لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے انتظامات پر متعلقہ اداروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ صفائی کے بہترین انتظامات پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں اور انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے ۔ صاف ستھرا ماحول صحت مند معاشرے کی علامت ہے ۔ عثمان بزدار نے عیدالاضحی پرعوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے صوبے بھر میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور عید ڈیوٹی کرنے والے انتظامی و پولیس افسران اور اہلکاروں کو شاباش دی ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کے آرام اور سکھ کیلئے اپنی خوشی قربان کرنے والے قابل ستائش ہیں اور ڈیوٹی کو دوسروں کی سہولت کیلئے سرانجام دینا کسی عبادت سے کم نہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں