پی پی نے آزاد کشمیر میں پیسہ لٹا کر سیٹیں بڑھائیں :شیخ رشید

 پی پی نے آزاد کشمیر میں پیسہ لٹا کر سیٹیں بڑھائیں :شیخ رشید

کرپٹ افراد اور قاتلوں کو موقع پر ہی سزائے موت ہونی چاہئے ، کوشش ہوگی آئندہ سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہو:میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر ، دنیا نیوز ،مانیٹرنگ)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے ، الیکشن کے حوالے سے جو کہا تھا وہی ہوا، پیپلزپارٹی نے پیسہ لٹا کر دو تین سیٹوں کا اضافہ کیا، اگلے انتخابات میں سندھ میں بھی تحریک انصاف حکومت بنائے گی ،یہ 2023 میں بھی دھاندلی کا رونا روئیں گے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں، نواز شریف تکلیف میں ہیں تو واپسی کے لئے چارٹر طیارہ دینے کو تیار ہیں، نواز شریف باہر بیٹھ کر تقریریں نہ کریں، نواز شریف اینٹی آرمی، اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی عمران خان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین والا نظام یہاں ہونا چا ہئے ، کرپٹ افراد کو موقع پر ہی سزائے موت ہو، کرپٹ افراد اور قاتلوں کو سزائے موت ہونی چاہئے ۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پناہ لینے والے افغان آرمی کے اہلکاروں کو باعزت طریقے سے واپس کریں گے ، پاک فوج دنیا کی عظیم ترین فوج ہے ، بارڈر پر جاؤں گا، فوجیوں کے ساتھ کھانا کھاؤں گا ۔ انہوں نے کہا کہ 840 بلاک شناختی کارڈز کو مسترد کرنے کا اعلان کرتا ہوں، غیر قانونی مقیم افراد 14 اگست تک پاکستان چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے الیکشن میں پوری کوشش ہوگی سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت بنے ۔انہوں نے نور مقدم قتل کیس کے حوالے سے کہا کہ ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے گا، نور مقدم کیس میں ملزموں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے اسی ہفتے کابینہ میں پیش کیے جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ کاش اس ملک میں ایسا نظام ہو کہ خواتین کو قتل کرنے والوں کو جلد از جلد پھانسی دی جائے ۔ خواہش ہے چین کے نظام کی طرح یہاں قاتل کو موقع پر سزا ملے ۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نادرا میں تصحیح اور تجدید کا نیا نظام لانے لگے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں