ختم نبوتﷺ اسلام کی بنیاد، منکر دائرہ اسلام سے خارج : ختم نبوت کانفرنس

ختم نبوتﷺ اسلام کی بنیاد، منکر دائرہ اسلام سے خارج : ختم نبوت کانفرنس

لاہور (سیاسی نمائندہ) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیراہتما م تحفظ ختم نبوت کانفرنس کے مقررین نے کہا ہے کہ مسلمانوں کا عقیدہ ہے کہ رسول اکرم ؐاللہ تعالی کے آخر ی نبی اور رسول ہیں۔

آپ ؐ کے بعد قیامت تک کیلئے کوئی نبی نہیں آئے گا۔نبوت کا دروازہ بند ہو چکا ۔ختم نبوت ؐ اسلام کی بنیادہے اور منکر دائرہ اسلام سے خارج ہے ۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قادیانیوں کو امتناع قادیانیت ایکٹ کا پابند اور انہیں کلیدی عہدوں سے برطرف کیا جائے ۔کانفرنس جامع مسجدآسٹریلیا ریلوے سٹیشن لاہور میں بزرگ عالم دین مولانا عبدالرؤف ملک کی صدارت میں ہوئی ۔کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب میں مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا آئین پاکستان میں موجود اسلامی دفعات اور تعزیرات پاکستان کو تبدیل کرنے کے لیے بیرونی طاقتیں مسلسل اپنا دباؤ بڑھا رہی ہیں ہم کسی صورت آئین اور قانون میں ختم نبوت اور قانون توہین رسالت سمیت اسلامی دفعات کو تبدیل نہیں ہونے دیں گے ۔حنیف جالندھری نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت امت کا اجماعی عقیدہ ہے امت نے اس پر کبھی کمپرومائز نہیں کیا، برطانوی حکومت نے قادیانی فتنہ کا بیج ڈالا۔مولانا محمداسماعیل شجاع آبادی نے کہا کہ عقیدہ تحفظ ختم نبوت ہمارے ایمان کی بنیاد ہے ۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ قرآن اور ختم نبوت کا محافظ اللہ تعالیٰ ہے کوئی ان کا ایک ذرہ بھی نہیں بدل سکتا۔7ستمبر1974کے فیصلے پر بیرونی دباؤ بڑھ رہا ہے ۔مفتی احمد حسن نے کہا کہ پر امن جد جہد جاری رکھیں گے ۔ مولانا زاہد الراشدی نے کہا ہمیں ان بیرونی عناصر سے اپنے ملک کو پاک کرنا ہوگا جو ہمارے دینی معاملات میں مداخلت کررہے ہیں۔ مولانا عزیز الرحمن ثانی نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالتؐ کا تحفظ اہم دینی ذمہ داری ہے ۔مولانا امجد خان نے 1974 کے فیصلے پرمفکر اسلام مولانا مفتی محمودو ممبران پارلیمنٹ اور تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ کے کردر کو سراہا۔مولانا ڈاکٹر محمد سلیم نے کہا قادیانی فتنے کا خاتمہ قریب ہے ۔مولانا علیم الدین شاکر نے کہا کہ غیور مسلمان آقاؐکی نبوت و رسالت کے دشمنوں کے قلع قمع کے لیے اپنی تمام تر کوششوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کسی بھی بڑی سے بڑی قربانی دینے سے ہرگز دریغ نہیں کرینگے ۔ قاری جمیل الرحمن اختر نے کہا قادیانی گروپ اسلام کا ٹائٹل استعمال کرکے اپنے کفرکو اسلام بناکر پیش کررہا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں