کرپشن کا خاتمہ قوم کی آواز، میگا کرپشن کیسز کو انجام تک پہنچائیں گے : چیئرمین نیب

کرپشن کا خاتمہ قوم کی آواز، میگا کرپشن کیسز کو انجام تک پہنچائیں گے : چیئرمین نیب

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )قومی احتساب بیوروکے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے بیان میں کہا ہے کہ نیب کی موجودہ انتظامیہ کے دورمیں نیب کی تاریخ میں پہلی بار نیب کی موثر پیروی کی بدولت ملک بھر کی معزز احتساب عدالتوں نے 1405 ملزمان کو سزائیں سنائیں۔

نیب میگا کرپشن وائٹ کالر کرائم کیسز اور بدعنوانی کے ذریعے اربوں روپے کی لوٹ مار کرنے والوں کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے ، نیب کی کسی فرد، جماعت یا ادارے سے کوئی وابستگی نہیں بلکہ اس کا تعلق ریاست پاکستان سے ہے ،انہوں نے کہا کرپشن کا خاتمہ پوری قوم کی آواز بن چکا ہے کیونکہ بد عنوانی نہ صرف ملکی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرتی ہے بلکہ مستحق لوگوں کو ان کے حقوق کی فرا ہمی میں بھی رکا وٹ بنتی ہے ،چیئرمین نیب نے کہا نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے جس کے تحت نیب نے احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر عمل درآمد کو مزید موثر بنایاہے جس کے بہترین اور شاندار نتائج حاصل ہوئے ہیں۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان، ورلڈ اکنامک فورم، پلڈاٹ، مشال پاکستان جیسے معتبر قومی اور بین الاقوامی اداروں نے نہ صرف بدعنوانی کے خاتمے کے لیے نیب کی کوششوں کو سراہا ہے بلکہ گیلانی اور گیلپ سروے میں تقریباً 59 فیصد لوگوں نے نیب پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ،انہوں نے کہا نیب پہلی بار بڑی مچھلیوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا ہے ،اکتوبر 2017 سے دسمبر 2021 تک بدعنوان عناصر سے 539 ارب روپے برآمد کئے جبکہ نیب نے اپنے قیام سے اب تک 822 ارب روپے بدعنوان عناصر سے برآمد کئے ہیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں