پرویز مشرف طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے:خصوصی طیارہ آج میت لینے دبئی جائیگا،سیاسی وفوجی قیادت کا اظہار افسوس

پرویز  مشرف  طویل  علالت  کے   بعد  انتقال  کرگئے:خصوصی  طیارہ   آج  میت  لینے  دبئی  جائیگا،سیاسی  وفوجی  قیادت   کا   اظہار  افسوس

دبئی ، اسلام آباد ، لاہور ،(سیاسی رپورٹر سے ، نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک ، دنیا نیوز)سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف 79 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ،اِنََّا لِلّٰہِ وَاِنََّا اِلَیْہِ رَاجِعُونَ ۔پرویز مشرف طویل عرصے سے بیماری سے جنگ لڑ رہے تھے اور دبئی کے امریکن ہسپتال میں زیرِ علاج تھے جہاں اتوار کے روز وہ خالق حقیقی سے جاملے ۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتی مشن کی ترجمان شازیہ سراج نے بتایا کہ سفارتی مشن پرویز مشرف کے اہل خانہ سے مسلسل رابطے میں ہے ۔ میت پاکستان لے کر جانے کے لیے اہل خانہ کی جانب سے قونصل خانہ دبئی میں درخواست دی گئی ہے ۔ پرویزمشرف کی میت لینے کے لیے پاکستان سے طیارہ آج صبح دبئی پہنچے گا، خصوصی طیارہ نور خان ایئر بیس سے دبئی کے المکتوم ایئر پورٹ پہنچے گا اور میت لیکر دن 11 بجے واپس روانہ ہو گا ۔خاندانی ذرائع کے مطابق پرویز مشرف کے اہل خانہ نے ان کی تدفین کراچی میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پرویز مشرف کی والدہ دبئی اور والد کراچی میں مدفون ہیں۔سفارتی حکام کے مطابق دبئی قونصل خانے نے میت منتقل کرنے کیلئے این او سی جاری کردیا ۔ سابق صدر کی میت راولپنڈی روانہ کی جائے گی۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پہلے بھی کئی بار سابق صدر کے انتقال کی افواہیں منظر عام پر آئیں، جس پر اہل خانہ کی جانب سے بارہا تردید کا بیان جاری کیا گیا۔ریٹائرڈ جنرل کی بیماری کی خبریں 2018 میں سامنے آئی تھیں ۔ ڈاکٹر وں کے مطابق ان کو لاحق بیماری امائلائیڈوسس کم پائی جانے والی سنگین صورتحال کا نام ہے جو پورے جسم کے اعضا اور ٹشوز میں امائلائیڈ نامی پروٹین کے پیدا ہونے سے ہوتی ہے ، اس پروٹین کے بننے سے اعضا اور ٹشوز کے لیے مناسب طریقے سے کام کرنا مشکل ہوجاتا ہے ۔ادھر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق صدر پرویز مشرف کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔تعزیتی بیان کے مطابق صدر نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور ورثا کے لیے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔وزیراعظم شہبازشریف نے پرویز مشرف کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔وزیراعظم نے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ۔

ٹوئٹر پر جاری تعزیتی بیان میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے پرویز مشرف کے انتقال پر پیغام میں اِنَّا ِللہَِّٰ وَاِنَّا اِلَیہ ِ رَاجِعْونَ لکھا۔جوائنٹ چیفس آف آرمی سٹاف کمیٹی ساحر شمشاد مرزا اور تمام سروسز چیفس نے جنرل (ر) پرویز مشرف کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جوائنٹ چیفس آف آرمی اسٹاف اور سروسز چیف کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو غریق رحمت کرے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی سابق صدر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مرحوم کے خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی اور ملک کے لیے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔سابق وزیر اعظم شجاعت حسین ، وفاقی وزراء طارق بشیر چیمہ ، چودھری سالک حسین، چودھری شافع حسین نے سابق صدر کے انتقال پر گہرے دکھ و رنج و غم کا اظہار کیا۔چودھری شجاعت نے کہا کہ مشرف محب وطن ، دلیر اور بہادر انسان تھے ، انہوں نے ہمیشہ ملک کے لیے سوچا اور اختلاف رائے کا احترام کیا، انکے دلیرانہ فیصلوں کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پاکستان آرمی اور ملک کیلئے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد نے بھی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف بہت بڑے انسان تھے ، ان کے دوست چھوٹے ثابت ہوئے ، ہمیشہ سب سے پہلے پاکستان ان کی سوچ اور نظریہ تھا ۔

حماد اظہر نے کہا ہے کہ پرویز مشرف پی ڈی ایم حکومت سے زیادہ جمہوری تھے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا پرویز مشرف ایک آمر تھا، اس نے بغیر کسی احتساب کے غلطیاں کیں جن کی قیمت ملک آج بھی خون سے ادا کر رہا ہے ، حلیم عادل کی جانب سے بھی افسوس کا اظہار کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے بچھڑنے پر ورثا سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں ورثا کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور ورثا کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔سید امین الحق نے وفات پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کے دور اقتدار میں پاکستان خصوصا کراچی کی تعمیر و ترقی کیلئے بے مثال کام ہوئے ، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے جدید بلدیاتی نظام کی بنیاد مشرف دور میں ہی ڈالی گئی، کشمیر کے حوالے سے پرویز مشرف کے دبنگ انداز اور ٹھوس مؤقف کا اعتراف دنیا کرتی ہے ، کنونیئر ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مشرف کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنرل مشرف ایک پروفیشنل سولجر اور ملک و قوم کے سچے ہمدرد تھے ، انہوں نے ملکی دفاع، افواج اور پاکستان کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں۔پرویزمشرف کا جسد خاکی کراچی آیا تو شان سے تدفین کریں گے ، کراچی میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب میں خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ آج شب غم ہے پاکستان کے محسن پرویزمشرف انتقال کرگئے ، آمر ہوتے ہوئے بھی پرویزمشرف نے بنیادی جمہوریت کا بہترین نظام دیا اور آزاد میڈیا کی بنیادرکھی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں