معاشی چیلنجز کا سامنا ضرور ہے لیکن قیامت ہمارے سروں سے گزر چکی :شہباز شریف

معاشی چیلنجز کا سامنا ضرور ہے لیکن قیامت ہمارے  سروں سے  گزر چکی :شہباز  شریف

اسلام آباد (سیاسی رپورٹر،اے پی پی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے ایسا لگتا ہے کہ عمران نیازی کی معیشت اور اس کے کام کرنے والے وسیع ماحول کے بارے میں سوجھ بوجھ کافی محدود ہے۔

وہ معاشی چیلنجوں میں اپنے کردار کو بھی بھول جاتے ہیں،آئی ایم ایف معاہدے کو ختم کرنے سے لے کر، اس نے ہمیشہ پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کی خواہش کی ہے ۔ پیر کو اپنے طویل ٹویٹ میں وزیر اعظم  نے کہا یہ ان کے نان سٹاپ احتجاج، لانگ مارچ اور دھرنے کی سیاست کے منفی اثرات اس کے علاوہ ہے جو سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کے حوالے سے معیشت پر پڑا ہے ۔وزیراعظم نے کہا یہاں تک کہ پاکستانی سرمایہ کار بھی عمران نیازی کی طرف سے جان بوجھ کر بنائے گئے ایسے غیر مستحکم ماحول میں اپنا سرمایہ لگانے سے کترا رہے ہیں ۔ صرف 9 مئی کے خوفناک واقعات نے معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا اور یہ اس کے مذموم عزائم کی ناقابل تردید تائید ہے ۔انہوں نے کہا اس میں کرپشن کے کیسز کی کثرت کا ذکر نہیں ہے جن میں وہ ملوث ہے ۔وزیراعظم نے کہا معاشی چیلنجز کا سامنا ضرور ہے لیکن قیامت ہمارے سروں سے گزر چکی ہے ،معیشت کو مضبوط بنانے اور بروقت پالیسی کے ذریعے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مخلصانہ کوششیں کی جا رہی ہیں، ہم دوستوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر مالیاتی خلا کو ختم کرنے کے لئے بھی کام کر رہے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا ہمارے لئے اصل چیلنج درآمدات پر انحصار کم اور ساتھ ساتھ مہنگائی کو کم کرنا ہے جو اسی وقت ممکن ہے جب ہم برآمدات، سرمایہ کاری اور پیداوار کو معیشت کا انجن بنائیں، یہیں سے ہماری کوششیں آگے بڑھ رہی ہیں ۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کیا اور دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا ۔ شہباز شریف نے کہا آپ کا دوبارہ انتخاب ترکیہ کے عوام سے وابستگی اور مثالی خدمت کا اعتراف ہے ، گزشتہ دو دہائیوں میں آپ کی قیادت میں ترکیہ نے نمایاں ترقی کی۔ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے بھی طیب اردوان کو ترکیہ کا دوبارہ صدرمنتخب ہونے پرمبارکباد دی ہے ۔ ٹویٹر پربیان میں انہوں نے لکھا میں اپنے بھائی صدر رجب طیب اردوان کو جمہوریہ ترکیہ کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دیتا ہوں۔ ان کی تاریخی فتح ترک عوام کی طرف سے ان کی قیادت پر مسلسل اعتماد کی عکاسی کرتی ہے ،یقین ہے اردوان کی قابل قیادت میں ترکیہ ترقی کرتا رہے گا، پاکستان اور ترکیہ برادر ممالک ہیں جو مضبوط سٹریٹجک پارٹنرشپ رکھتے ہیں،یقین ہے آنے والے سالوں میں ہماری دونوں قوموں اور لوگوں کے درمیان رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں