سکھ یاتریوں کو اتنی سہولتیں دینگے وہ بس سوچیں اور بلاجھجک پاکستان آجائیں: محسن نقوی

سکھ یاتریوں کو اتنی سہولتیں دینگے وہ بس سوچیں اور بلاجھجک پاکستان آجائیں: محسن نقوی

لاہور(سیاسی رپورٹر سے)نگران وزیر اعلی ٰ پنجاب محسن نقوی سے شاہی قلعہ میں رنجیت سنگھ رانا کی قیادت میں یورپ سے آنے والے سکھ دل (گروپ) کے 162 رکنی وفد نے ملاقات کی۔

محسن نقوی نے کہاکہ سکھ یاتریوں کی آسانی کے لئے لاہور سے کرتار پور جانے والی سڑک کی مرمت کی جائے گی۔ سکھ یاتریوں کو حسن ابدال اورننکانہ صاحب کے متبرک تالابوں کا پانی ساتھ لے جانے کی سہولت دیں گے ۔سعودی عرب سے آب زم زم کی طرز پرسکھ یاتری بھی اپنا مقدس پانی ساتھ لے جائیں گے ۔ سکھ یاتریوں کو اس حد تک سہولتیں دیں گے کہ وہ بس سوچیں اور بلا جھجک پاکستان آجائیں۔ ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ ۔ادھرنگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میو ہسپتال میں غیر معیاری انجکشن سے بینائی متاثر ہونے والے مریضو ں سے ملاقات کی۔ مریض اور ان کے لواحقین وزیراعلیٰ کو صورتحال بتاتے ہوئے رو پڑے ۔

محسن نقوی نے کہاکہ ذمہ داروں کو انجام تک پہنچائیں گے ۔پرچے درج کر لئے گئے ہیں،جو میرے بس میں ہے ضرورکیا جائے گا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ ٰنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ غیرمعیاری انجکشن کے واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف قوانین کے مطابق سختی کارروائی کریں گے ۔ وعدہ ہے کہ واقعہ میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ جعلی انجکشن کے ذمہ داروں کو نہیں چھوڑینگے ۔سارا معاملہ پرائیویٹ ہسپتال میں ہورہا تھا تو ہیلتھ کیئر کمیشن کہاں تھا؟ہیلتھ کیئر کمیشن اور ڈرگ انسپکٹر کو جواب دینا پڑے گا،ہمیں اپنا بھی احتساب کرنا ہے ۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے تاریخ میں پہلی پلاسٹک روڈ کا افتتاح کر دیا۔ ظفر علی پلاسٹک روڈ کا معائنہ کیا اورمعیار کاجائزہ لیا۔

 محسن نقوی نے کہاکہ پلاسٹک روڈ کے کامیاب تجربے کے بعد اس کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا- مال روڈ کو بھی پلاسٹک روڈ میں تبدیل کیا جائے گا۔ پلاسٹک روڈکم ازکم 10سال تک چلتی ہے ۔ عام سڑک 6 کروڑ روپے کی بن رہی ہے جبکہ پلاسٹک روڈ 2 کروڑ روپے کی بنی ہے - محسن نقوی نے سینٹرپوائنٹ تا والٹن روڈ سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ پراجیکٹکا دورہ کیا-پراجیکٹ پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور والٹن ریلوے ٹریک پر اوورہیڈ برج پراجیکٹ کے آغاز کا بھی معائنہ کیا۔ ۔محسن نقوی سے جاپان کے سفیرواڈا مٹسو نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،سیاحت،میوزیم کی بحالی،آٹوانڈسٹریز،واٹر،دیگرشعبوں میں تعاون بڑھانے اورجائیکا کی معاونت سے جاری پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں