قوم دہشتگردی کے خاتمے تک فوج کے شانہ بشانہ، وزیراعظم

قوم دہشتگردی کے خاتمے تک فوج کے شانہ بشانہ، وزیراعظم

تلہ گنگ،راولپنڈی(نامہ نگار، اے پی پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے پاک فوج کے بہادر جوانوں و افسروں نے ملک کی بقا کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

 پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، شہدا کے اہلِخانہ پوری قوم کیلئے قابل فخر ہیں، پوری قوم شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو میر علی، شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے کیپٹن محمد احمد بدر شہید کے گھر ٹمن (تلہ گنگ) آمد کے موقع پر شہید کے والدین اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے ۔ وزیراعظم نے شہید کے والد کو گلے لگایا اور ان کی ہمت ، حوصلے ، جذبہ اور استقامت کو سراہا۔ شہید کے والدین اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف خود بھی آبدیدہ ہو گئے۔

وزیراعظم نے کیپٹن احمد بدر شہید کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور ان کے والدین اور اہلخانہ کو دلاسہ دیا۔ وزیراعظم شہید لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کے گھر چکلالہ بھی گئے ۔وزیراعظم نے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کی مغفرت اور اہلخانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔وزیراعظم نے کہاشہدا نے بہادری اور جرات کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، پوری قوم ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھے گی ۔ وزیراعظم نے کیپٹن احمد بدرشہید کے والد کرنل (ر)قاضی بدر الدین کے حوصلے اور اللہ کی رضا پر ان کی استقامت کو بے مثال قرار دیا۔ اس موقع پر کیپٹن احمد بدر شہید کے والد نے کہا مجھے اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے۔

شہید کے والد نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ ان کے بیٹے کے نام پر سکول تعمیر کیا جانا چاہئے ۔ وزیراعظم نے ان کی خواہش پر عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے ولادیمیر پیوٹن کو روس کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے لکھا پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے پیوٹن کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔وزیراعظم سے متحدہ عرب امارات کے سفیر نے ملاقات کی۔اماراتی سفیر نے یو اے ای کی قیادت کی جانب سے شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ اماراتی سفیر نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی جانب سے وزیراعظم کو دورے کی دعوت دی جس کو شہباز شریف نے قبول کر لیا۔وزیراعظم نے بھی امارات کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں