ٹرین میں خاتون پر پولیس اہلکار کا تشدد،بعد میں لاش پٹڑی سے ملی

ٹرین میں خاتون پر پولیس اہلکار کا تشدد،بعد میں لاش پٹڑی سے ملی

بہاولپور، ملتان،لاہور(نمائندگان دنیا )ملت ایکسپریس میں پولیس اہلکار کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کی چنی گوٹھ کے قریب سے لاش برآمد ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق 7 اپریل رات کو کراچی سے چلنے والی ملت ایکسپریس میں ریلوے پولیس اہلکارمیر حسن نے  مریم بی بی نامی خاتون پر تشدد کیا اورپھر اسے ساتھ لے گیا،تشدد کی ویڈیو وائرل ہو گئی جبکہ 8 اپریل کو صبح چنی گوٹھ ریلوے سٹیشن کے قریب پٹری سے مریم کی لاش برآمد ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق 30 سالہ مریم بی بی کا تعلق جڑانوالہ کے نواحی چک نمبر648گ ب سے ہے اوراس پر تشدد کرنیوالا اہلکار میر حسن تشدد کے الزام میں گرفتاری کے بعدضمانت پر ہے ، ریلوے پولیس حکام تشدد کے بعد خاتون کی ہلاکت کا معاملہ چھپا نے کی کوشش کرتے رہے ۔ادھر پاکستان ریلویزکے ترجمان نے کہا ہے کہ خاتون سے بدتمیزی پر کانسٹیبل کیخلاف مقدمہ درج کرلیا تھا،ڈی آئی جی ریلوے پولیس ساؤتھ زون کی سربراہی میں چار رکنی انکوائری کمیٹی واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ، مسافروں کے بیان کے مطابق خاتون نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگائی۔ دریں اثنا فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے سی ای او کو اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کردیا جس کے مطابق مریم بی بی کے ریل گاڑی سے گرنے یا چھلانگ لگانے کے وقت مذکورہ کانسٹیبل کی حیدرآباد میں موجودگی پائی گئی جبکہ خاتون کی لاش چنی گوٹھ (ملتان ڈویژن)سے ملی۔دوسری جانب متوفیہ کے بھائی افضل نے کہا ہے کہ میری بہن کراچی میں بیوٹی پارلر پر ملازمت کرتی تھی ،عید کرنے جڑانوالہ کے نواحی چک نمبر648گ ب آرہی تھی، دوران سفر ٹرین میں چھیڑ چھاڑ سے منع کرنے پر مریم کو پولیس اہلکار میر حسین نے اپنے دو ساتھیوں سمیت پہلے تشدد کا نشانہ بنایا،اس تشدد کے ویڈیو بھی وائرل ہے ، اس کے بعد انہوں نے میری بہن کو چلتی ٹرین سے دھکا دے کر قتل کر دیا، اعلیٰ حکام تحقیقات کر کے ملزموں کو عبرتناک سز ا دیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں