سعودی منصوبوں پر تیزی سے کام ہوگا ،وزیر اعظم

سعودی منصوبوں پر تیزی سے کام ہوگا ،وزیر اعظم

اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی کابینہ نے گندم کی خریداری کے اہداف مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واہ چھاؤنی میں انسٹی ٹیوٹ آف ماڈرن سائنسز کے قیام کے حوالہ سے بل ،سندھ کی کچھ احتساب عدالتوں کی تنظیم نو کی منظوری دے دی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے سرمایہ کاری کے منصوبوں کے حوالے سے کہا ہے۔

سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں، سعودی وفد کے دورے کے نتیجے میں پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی ہمیں پاکستان کی ترقی کیلئے تیز رفتاری سے کام کرنا ہے ، اس حوالے سے نہ تو پرانے طریقہ کار پر چلنے کی گنجائش ہے اور نہ میں اسکی اجازت دوں گا، کسی قسم کی سستی اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ بدھ کو وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے سعودی وفد کے دورے کو کامیاب بنانے کے حوالے سے وفاقی وزرا ، سیکرٹریز اور دیگر حکام کی تعریف کی اور ان کی کوششوں اور محنت کو سراہا۔انہوں نے کہا ہمیں اسی طرح محنت اور لگن سے اس سرمایہ کاری کی پاکستان میں آمد اور منصوبوں کی تکمیل یقینی بنانا ہے ، مجھے پورا یقین ہے کہ اگر ہم اسی طرح محنت کرتے رہے تو پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور معاشی استحکام کے اہداف جلد حاصل کر لیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا ہم اپنے عوام سے کئے گئے عہد کے مطابق پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات محنت کریں گے ۔

مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق وزیراعظم نے تمام وزرا اور بیوروکریٹس کو متنبہ کیا سعودی عرب سمیت غیر ملکی سرمایہ کاری منصوبوں کے کسی بھی مرحلے میں ناقص کارکردگی، نااہلی، سستی، غفلت اور تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ کابینہ نے سیکرٹری ایوی ایشن کی جانب سے بروقت سمری جمع نہ کرانے پر برہمی کا بھی اظہار کیا۔ وفاقی کابینہ نے وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق کو چاروں صوبوں سے رابطہ کر کے گندم کی خریداری کے اہداف مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعظم نے کہا کسانوں کو ان کی محنت کا معاوضہ پہنچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر واہ چھانی میں انسٹی ٹیوٹ آف ماڈرن سائنسز کے قیام کے حوالے سے بل کی اصولی منظوری دے دی۔ وزیراعظم نے نئی یونیورسٹیز اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے قیام کے طریقہ کار کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی جس کی سربراہی وفاقی وزیر تعلیم و فنی تربیت کریں گے جبکہ وزیر پٹرولیم ، وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور اٹارنی جنرل کمیٹی کے ممبرہوں گے ۔

وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر سابق سفیر منظور احمد چودھری کو ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومت کوٹ ڈی وائیر کمانڈیور ڈی آرڈر نیشنل ایوارڈ وصول کرنے کی اجازت دے دی۔ کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر احتساب عدالت - VIII کراچی کو سپیشل کورٹ ،احتساب عدالت -III حیدر آباد کو بینکنگ کورٹ میر پور خاص، احتساب عدالت -III سکھر کو بینکنگ کورٹ گھوٹکی، احتساب عدالت -IV سکھر کو بینکنگ کورٹ شہید بینظیر آباد میں تبدیل کرنے کی منظوری دے دی۔ وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر سپیشل کورٹ II(انسداد دہشت گردی)کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کے تحت رپورٹ ہوئے کیسز سننے کا اختیار دینے کی منظوری دی گئی ۔ سپیشل کورٹ II کو یہ اختیار سپیشل کورٹ I کے جج کے رخصت پر جانے کی وجہ سے دیا گیا ہے ۔ کابینہ نے وزارت لیبر، حکومت قطر اور وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کے درمیان لیبر ریلیشنز، لیبر انسپکشنز، پیشہ وارانہ تحفظ اور صحت کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دے دی۔کابینہ نے وزارت منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات کی سفارش پر فیڈرل پبلک پرائیویٹ پالیسی آف پاکستان 28۔2023 کی منظوری دی۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 4 اپریل کو ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔دریں اثناء شہباز شریف نے کہا چینی مہمانوں کی سکیورٹی کے معاملے میں سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔چیئرمین شنگھائی الیکٹرک گروپ‘‘وو لی’’ کی سربراہی میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے شنگھائی الیکٹرک گروپ کو درآمد شدہ کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے اور کوئلے کی کان کنی کے منصوبوں کو مزید وسعت دینے کی دعوت دی۔وزیراعظم سے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی ملاقات کی ۔ وزیراعظم نے کہا بارشوں سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لئے وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے ۔ شہباز شریف سے ترکمانستان کے سفیر عطاجان مولویوف نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں